پی پی رہنماء مہر سلطانہ کی بجلی قیمتوں میں اضافہ کی مذمت

پی پی رہنماء مہر سلطانہ کی بجلی قیمتوں میں اضافہ کی مذمت

  

پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات مہر سلطانہ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے انتخابات سے قبل عوام سے وعدہ کیا تھا کہ بر سر اقتدار آتے ہی ملک کے مختلف حصوں میں ڈیمز بنائے جائیں گے اور عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائیگی تاہم اقتدار میں آتے ہی مہینے میں دو بار بجلی‘ پٹرول اور ٹیکسوں میں اضافہ کیا جاتا ہے جس سے غریب عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو عوام کے مسائل حل کرنے اور انہیں ریلیف دینے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے بلکہ صرف عوام کو سبز باغات دکھا کر ان پر آئے روز مہنگائی کے ڈرون حملے کئے جاتے ہیں جس سے براہ راست غریب عوام متاثر ہونے سمیت خودکشیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زردا ری کی گرفتاری کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت گرفتاریوں سے ڈرنے والی نہیں ہے حکومت کی جانب سے ڈیل کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے مگر پیپلز پارٹی کی قیادت کسی کے سامنے نہ پہلے جھکی ہے اور نہ ہی آئندہ جھکے گی کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سلیکٹڈ حکومت ہے جو دوسروں کے اشاروں پر چل رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر صرف الزامات ہیں جبکہ ابھی تک کچھ بھی ثابت نہیں ہوا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت خود کو بچانے کے لئے پیپلز پارٹی کی قیادت کو جیلوں میں بند رکھنے میں اپنا خیر سمجھتی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت میں رہتے ہوئے بھی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پیپلز پارٹی سے خوفزدہ ہے جس سے عوام بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے کیونکہ عوام جان گئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف صرف خالی خولے نعروں پر یقین رکھتی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -