تمام طبقاتاحتجاج کررہے ہیں حکومت طاقت سے روکناچاہتی ہے، ایمل ولی

تمام طبقاتاحتجاج کررہے ہیں حکومت طاقت سے روکناچاہتی ہے، ایمل ولی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ صوبے کے اساتذہ سے لیکر وکلاء برداری،ڈاکٹرز،انجینئر سب احتجاج کررہے ہیں جبکہ مسلط کردہ حکومت کی یہ حالت ہے کہ وہ تمام مسائل کو ڈنڈے کے زور پر حل کرنا چاہتی ہے،اگر حکومت کا رویہ احتجاج کرنے والوں کے حوالے سے یہی رہا تو خدانخواستہ یہ صوبہ خانہ جنگی کی طرف بھی جاسکتا ہے،بونیر میں یونین کونسل مخڑانئی،مندنڑ اور امازئی میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ ایک دن گو عمران گو کے نعرے پر استعفیٰ دینے والے عمران نیازی کی حکومت کی حالت یہ ہے کہ آج صوبے میں جو بھی احتجاج کرتا ہے اُن پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں،گرفتار کرکے جیلوں میں بند کردیا جاتا ہے،اگر حالت یہی رہی تو خدانخواستہ ہمارا صوبہ جہاں پر ہر طبقے کیلئے لوگوں کے دلوں میں احترام کا ایک رشتہ ہے، سب ختم ہوکر صوبہ بھر میں خانہ جنگی شروع ہوجائیگی۔ایمل ولی خان نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی حالت یہ ہے کہ ایک طرف اے این پی دور میں تعمیر ہونے والے کالجز اور یونیورسٹیوں کا افتتاح وزیراعلیٰ اور گورنر اپنے ہاتھوں سے کررہے ہیں اور جب اُس کے خلاف اے این پی کارکنان پرامن احتجاج کرتے ہیں تو اے این پی کے ایم پی ایز پر پرچے کاٹ دیے جاتے ہیں،انہوں نے کوہ دامان کالج پشاور کے افتتاحی تقریب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا پشاور کوہ دامان میں گذشتہ روز گورنر اور وزیراعلیٰ نے وزیراعلیٰ ہاؤس سے بڈھ بیر تک کا سفر ہیلی کاپٹر میں طے کرکے اے این پی دور کے کالج کا افتتاح کیا جب اُس افتتاحی تقریب کے خلاف اے این پی کے ایم پی ایز خوشدل خان اور صلاح الدین خان نے احتجاج کیا تو اُن پر ایف آئی آر درج کیا گیا،تبدیلی سرکار آج پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہی ہے لیکن اتنا یاد رکھیں کہ آج اتنا ہی ظلم کریں جتنا کل کو برداشت کرسکے۔ایمل ولی خان نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ایک طرف ملک بھر کی صنعت بیٹھ گئی ہے تو دوسری طرف مختلف اداروں کی نجکاری کی بازگشت ہورہی ہے،محکمہ صحت میں اگر آج ڈاکٹرز ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں تو دوسری طرف واپڈا والوں نے بھی دھمکی دی ہے کہ اگر واپڈا کو نجکاری کی طرف لے جایا گیا تو پورے ملک میں بجلی بند کردینگے،حکومت آج یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ سب اداروں کو فروخت کیا جارہا ہے،محکمہ صحت کے بعد وار محکمہ تعلیم اور واپڈا پر کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ ڈاکٹرز کو قصائی کہہ رہے ہیں، اُن کو علم ہونا چاہیے کہ جس قانون کے خلاف ڈاکٹرز ہڑتال کررہے ہیں اگر یہ قانون لاگو کیا گیا تو غریب آدمی کو ہسپتال میں اپنڈکس آپریشن کے بھی 30ہزار روپے دینے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لیکر آئے ہیں وہ مزید اُس کو سپورٹ کرنا بند کردیں اگر ایسا نہ ہوا تو اس ملک کو شام بننے میں دیر نہیں لگے گی