طلباء وفد کی وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی سے ملاقات‘ مختلف امور پر تبادلہ خیال

  طلباء وفد کی وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی سے ملاقات‘ مختلف امور پر ...

  

بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ جامعات کو عالمگیریت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنا ہے۔ ہمارے اعلیٰ تعلیمی اِداروں کو اپنے گردوپیش ہونے والی تیز ترین سماجی اور معاشی تبدیلیوں کو بہترین مواقعوں میں بدل کر ملک وقوم کو فائدہ پہنچانا ہے۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار طلباء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ورلڈ ٹیچر زڈے کے موقع پراُن سے ملاقات کی اورپھول پیش کیے۔وائس چانسلر نے کہا کہ تمام جامعات قومی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ فیکلٹی بہترین اور براہ راست نتائج کی حامل تحقیق پر توجہ مرکوز کر رہی ہے جو قومی ضروریات سے ہم ا ٓہنگ ہو۔ اِسی طرح گریجویٹس میں قائدانہ صلاحیتوں کو اُجاگر کر کے اُنہیں بہترین پروفیشنل بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ پُر اعتماد ہو کر عالمی مثابقتی دوڑ میں شامل ہو سکیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں بھی اِنہی خطوط پرکام جاری ہے۔ تدریس اور تحقیق کے لیے علیحدہ علیحدہ وقف فیکلٹی کی تعیناتی کی جا رہی ہے اور جلد ہی یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبران کی تعداد 550سے بڑھا کر 1100کر دی جائے گی۔ اِسی طرح طلباء کی تعداد بھی دو گنا کر دی جائے گی تاکہ مہیا وسائل کا بہترین اور موثر استعمال کیا جا سکے۔یہ اقدامات علاقائی اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے کیونکہ بہترین افرادی قوت ہی اصل میں ترقی کی ضامن ہے۔ اِسی طرح معاشی دباؤ پر قابو پانے کے لیے توانائی کے دیگر ذرائع پر فوری توجہ دی جا رہی ہے۔ ان میں 2.5میگا واٹ کا شمسی توانائی پلانٹ اور بائیو گیس کا منصوبہ شامل ہے جس سے کم لاگت بجلی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ وطالبات کی صلاحیتیں نکھارنے اور اُن میں موجود ٹیلنٹ کو اُجاگر کرنے کے لیے جامعہ میں گیارہ سٹوڈنٹس سوسائٹیز تشکیل دی جا رہی ہیں۔ اِسی طرح شعبہ جات کی سطح پر بھی یہ طلباء سوسائٹیاں قائم کی جائیں گی۔ جامعہ میں نئے تعلیمی سیشن کا آغاز ہو چکا ہے اور داخلوں کی کامیاب مہم کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات کر لیے گئے ہیں۔

تبادلہ خیال

مزید :

ملتان صفحہ آخر -