کاٹیج انڈسٹری کو کسی صورت مرنے نہیں دیں گے،اسلم اقبال
لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت،اطلاعات وثقافت میاں اسلم قبال نے کہا ہے کہ صوبے میں چھوٹی ودرمیانی درجے کی صنعتوں کے فروغ اور کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کی حکمت عملی پر غورکیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام 36اضلاع میں مرحلہ وار پروگرام کے تحت کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کا پروگرام بنایا ہے۔کاٹیج انڈسٹری کو کسی صورت مرنے نہیں دیں گے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت وتجارت،اطلاعات وثقافت میاں اسلم قبال کی زیر صدارت گزشتہ روزپنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے آفس میں اجلاس کا انعقادہوا، سیکرٹری صنعت وتجارت اور پنجاب سمال انڈسٹری کارپوریشن کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میا ں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ مالی معاونت کے ذریعے کاٹیج انڈسٹری کو اپنے پاؤں پر کھڑاکریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب جلد کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے پروگرام کا افتتاح کریں گے۔کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے پروگرام کے تحت دستکاروں کو3لاکھ روپے تک کے آسان قرضے دئیے جائیں گے۔ پروگرام میں خواتین سرمایہ کاروں کو ترجیح دی جائے گی۔کاٹیج انڈسٹری سے ہزاروں گھرانوں کا روزگار وابستہ ہے۔وزیرصنعت کاکہنا تھا کہ کاٹیج انڈسٹری کو کسی صورت مرنے نہیں دیں گے۔ ترقی یافتہ ممالک نے چھوٹی صنعتوں کو فروغ دے کر خوشحالی کی منزل پائی ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ہم بھی چھوٹی ودرمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ اور کاٹیج انڈسٹری کو بحال کرکے ترقی کی منزل پائیں گے۔
اسلم اقبال