یو ایف جی میں کمی کیلئے سوئی کمپنی کی سطح پر بھرپور کاوش کی جائے: وزیر توانائی عمر ایوب
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے یوایف جی میں کمی کیلئے سوئی کمپنی کی سطح پر بھرپور کاوشیں کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ کمپنی کے افسروں کو ریجنل بنیادوں پر یوایف جی کے حوالے سے مخصوص بنچ مارکس دئیے جائیں گے جبکہ پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے مؤثر مانیٹرنگ میکنزم بھی ترتیب دیا جائے گا۔پیشرفت کے جائزہ اجلاس کااب ماہانہ بنیادوں پر انعقاد ہوا کرے گا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی سوئی ناردرن گیس ہیڈ آفس میں خصوصی اجلاس کی صدارت کررہے تھے،اجلاس میں موسم سرما میں قدرتی گیس کے بہتر استعمال کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کیلئے مؤثر آگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا۔عمرایوب نے مزید کہا کہ مہم کے دوران گیس کے زیادہ استعمال کے گیس بل پر اثرات کو بھی نمایاں کیا جائے جبکہ کم گیس استعمال کرنیوالے آلات کی تشہیر پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے۔اجلاس کے دوران آر ایل این جی کے استعمال، پاور سیکٹر کی کی طلب، کمپنی کی مالی پوزیشن سمیت کمپنی کو درپیش دیگر چیلنجز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر توانائی اور معاون ِخصوصی نے ہدایت دی کہ کارپوریٹ سیکٹر کے اداروں کے طرز پرافرادی قوت کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ڈویژن ندیم بابر، سیکریٹری پٹرولیم اسد حیاالدین،سوئی ناردرن گیس کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ایس این جی پی ایل سید دلاور عباس،مینیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر(آپریشنز) سہیل گلزار،ڈائریکٹر جنرل گیس شاہد یوسف بھی موجود تھے۔
عمرایوب