طاقت اور اسلحہ کے زور پر ملکی وحدت قائم نہیں رہ سکتی، حکمران رویہ درست کریں: سراج الحق
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ غریب اور پسماندہ علاقوں اور چھوٹے صوبوں میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور حکومتی رویے کی وجہ سے احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔غربت،بے روزگاری تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ان علاقوں میں اندر ہی اندر ایک لاوہ پک رہا ہے جو کسی وقت بھی آتش فشاں کی طرح پھٹ سکتا ہے۔حکمرانوں کو اپنا رویہ درست کرنا ہوگا۔طاقت اور اسلحہ کی بنا پر ملکی وحدت قائم نہیں رہ سکتی۔اگراسلحہ کے بل بوتے پر ملک قائم اور متحدرہ سکتے تو ایٹم بم رکھنے کے باوجود روس کا شیرازہ نہ بکھرتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمالی علاقوں کے دو روزہ دورے سے واپسی پر جاری کئے گئے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب علاقوں کی تعمیر ترقی کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ پسماندہ علاقوں کی ترقیاتی کام ہوتے ہیں نہ حکومت کے پاس ان علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کا کوئی منصوبہ ہے۔ملک کے دور دراز علاقوں میں اندھیروں کے ڈیرے ہیں۔شمالی علاقے حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ان علاقوں میں تعلیم صحت اور روز گار کی سہولتیں ناپید ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت شمالی علاقوں کی شہ رگ ہے مگر اس شہر کی تعمیر و ترقی کی طر ف کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے علاقے میں وفاق کیخلاف غم و غصہ اور نفرت کی فضا میں اضافہ ہورہا ہے۔امیرجماعت اسلامی نے مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آاج منصورہ میں طلب کرلیا،اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اورکشمیر کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا۔
سراج الحق