صحت کے شوبہ کو بہتر بنانے کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دینگے: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر،آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شعبہ صحت کو بہتر بنانے کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے، صحت کی سہولتوں کو عام آدمی کیلئے خوب سے خوب تر بنا رہے ہیں اور ہر وہ اقدام اٹھائیں گے جس سے عام آدمی کو معیاری اور بروقت علاج معالجہ میسر آ سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں نئے ڈائلیسیز یونٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔وزیراعلیٰ نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اوران سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ وزیراعلیٰ انسٹی ٹیوٹ کے مختلف کلینکس میں گئے اوروہاں موجودمریضوں سے انسٹی ٹیوٹ میں مہیا کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ مریضوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں گردے اور جگر کے مریضوں کیلئے معیاری طبی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ہسپتال کی عمارت کے دیگر فلورز کو رواں سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ مزید 6 آپریشن تھیٹرز رواں ماہ فنکشنل ہو جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کو انسٹی ٹیوٹ کے امور کے بارے میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے بریفنگ دی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے میوہسپتال میں لفٹ میں پھنسنے کے باعث 13سالہ لڑکے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈمیڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے وزیراعلیٰ نے جاں بحق لڑکے کے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے عالم دین مولانا طاہر محمود اشرفی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
سردارعثمان بزدار