27 فروری کو ہیلی کاپٹر ہماری فضائیہ نے گرایا،بھارتی ایئر چیف کا اعتراف
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ راکیش سنگھ بادوریا کا کہنا ہے کہ 27 فروری کو ایئر فورس نے ایک ملکی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا تھا۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی ہیلی کاپٹر کو مار گرانا ایک سنگین غلطی تھی، اس واقعہ میں یں ملوث دو افسران کو سنگین انضباطی کارروائی کا سامنا ہے۔ ہیلی کاپٹر مار گرانے کی داخلی تفتیش مکمل کر لی گئی ہے۔ یہ ہماری بہت بڑی غلطی تھی اور ہم اسے قبول کرتے ہیں۔ ہمارے ایک میزائل نے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا اور یہ بات ثابت ہو چکی ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق 27 فروری کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایک میزائل کے ذریعے ایم آئی سیونٹین جہاز کو مار گرایا گیا تھا۔ اس ہیلی کاپٹر کا نام ایم آئی 17 وی 5 ہے اور یہ ہیلی کاپٹر سرینگر کے قریبی علاقے بڈگام میں گرا تھا جس میں بھارتی ایئر فورس کے 6 اہلکار ہلاک اور ایک سویلین بھی مارا گیا تھا۔یاد رہے کہ 5 ماہ قبل مئی میں ایئر فورس نے سری نگر ایئر بیس کے ایئر آفسر کمانڈنگ کو ایم آئی 17 کے حادثے کے معاملے میں ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
بھارتی ایئر چیف