مولانا کو ایسا بٹھائیں گے کہ اٹھنا مشکل ہوجائیگا، فیصل واوڈا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ مولاناصاحب جیسے بہت سے آئے اور چلے گئے، ان کے لئے اڈیالہ جیل میں بیڈ لگوا دیے ہیں، ان کو ویلکم کریں گے تمام انتظام بھی کراکر دیں گے۔ سنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان صاحب بہت دیر کے لیے دھرنا دینے آرہے ہیں، انہیں اس دفعہ ایسا بٹھائیں گے کہ ان کا اٹھنا مشکل ہوجائے گا۔سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ شہباز شریف نے الیکشن ہارنے کے بعد رونا رویا اور عدالت کا رخ کیا لیکن ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔ شہبازشریف نے ساری زندگی بے ایمانی اورچوری کی، شہبازشریف جیسے لوگوں نے عوام کی زندگی اجیرن کی۔ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں آج پھر شہباز شریف کو شکست ہوئی، ہمیں عدالتوں پر بھروسہ ہے، عدالتوں کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ مولاناصاحب نے کہا ہم دیر تک بیٹھنے آرہے ہیں، مولاناصاحب جیسے بہت سے آئے اور چلے گئے، ان کیلئے اڈیالہ جیل میں بیڈ لگوا دیے ہیں،ان کو ویلکم کریں گے تمام انتظام بھی کراکردیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم کسی کی گیڈر بھپکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، مولانا کا وزن کم کرنے کے لیے اڈیالہ جیل اور اٹک جیل میں ایکسرسائز مشین رکھ رہے ہیں۔ مولانا کو ایسا بیٹھائیں گے کہ کھڑا بھی نہیں ہو پائیں گے، ہم ان کے لیے کھانے اور باتھ روم کا بھی اہتمام کریں گے۔