سری لنکا کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان تازہ ہواکا جھونکا‘ عدنان ارشد اولکھ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان تازہ ہواکا جھونکا ہے، پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کے دروازے کھل رہے ہیں، زندہ دلان لاہور اپنی روایتی مہمان نوازی سے ٹی 20کرکٹ سیریز کے دوران سری لنکن کرکٹ ٹیم کو شاندار انداز میں خوش آمدید کہیں گے، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز اپنے بیان میں کہی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزیدکہا ہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، لاہور میں کرکٹ کا میلہ سج رہا ہے، شائقین کرکٹ کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، شائقین سے امید کرتے ہیں وہ کرکٹ سیریز کے دوران نظم و ضبط کا اعلیٰ مظاہرہ کرکے ثابت کردیں گے کہ زندہ دلان لاہور کھیلوں سے پیار کرتے ہیں، پاک سری لنکا ٹی 20کرکٹ سیریز میں نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، سیریز سے نئے کھلاڑی بھی سامنے آئیں گے، شائقین فیملیز کے ساتھ کرکٹ دیکھنے کے لئے آئیں اور کرکٹ سے محظوظ ہوں۔