عابد علی اور محمد رضوان آج قائداعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈمیں شریک ہونگے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شرکت کے بعد قومی کرکٹر عابد علی اور محمد رضوان قومی کرکٹ کے پریمیئر ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈمیں شرکت کریں گے۔ ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ کا آغاز 5 اکتوبر بروز ہفتہ سے ملک کے تین مختلف شہروں میں ہورہا ہے۔سری لنکا کے خلاف آخری ایک روزہ میچ میں 67 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے عابد علی نے سندھ کرکٹ ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ عابد علی نے ایونٹ کے پہلے میچ میں بلوچستان کے خلاف ناقابل شکست 249 رنز اسکور کیے تھے۔عابد علی کی سندھ کرکٹ ٹیم میں واپسی کے بعد کپتان اسد شفیق کے لیے اوپننگ جوڑی کا انتخاب کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ انہیں 50.75 کی اوسط سے رنز بنانے والے تجربہ کار خرم منظور اور گذشتہ 3 اننگز میں 244 رنز بنانے والے 20 سالہ نوجوان کرکٹر عمیر بن یوسف میں سے کسی ایک کھلاڑی کو بٹھا کر عابد علی کو ٹیم میں شامل کرنے پر طویل غور درکار ہوگا۔سدرن پنجاب کی میزبانی کے لیے سندھ کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے واپس ہوم گراؤنڈ پہنچ چکی ہے۔ دونوں کے درمیان میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔ مہمان ٹیم نے فاسٹ باؤلر محمد عباس کو آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں شرکت کی غرض سے ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ میں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
محمد عباس نے گذشتہ 2 میچوں میں 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ایونٹ کے افتتاحی میچ میں ناردرن کے خلاف 176 رنز بنانے والے محمد رضوان نیشنل ڈیوٹی کے بعد ایک بار پھر خیبرپختونخوا کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ خیبرپختونخوا اورسنٹرل پنجاب کے درمیان میچ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اظہر علی کی قیادت میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
اظہر علی، کپتان سنٹرل پنجاب:
سنٹرل پنجاب کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ چوتھے راؤنڈ کے آغاز سے قبل ٹیم کا مورال بلند ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی ٹیم متوازی ہے اور امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ مقابلہ ہوگاتاہم سنٹرل پنجاب معیاری کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دے گی۔
تیسرے راؤنڈ کے اختتام پر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز اظہر علی کا کہنا ہیکہ وہ اپنی فارم سے مطمئن ہیں اوروہ ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔کپتان سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم نے کہاکہ ہم نئے پوائنٹس سسٹم کو پیش نظر رکھ کر میدان میں اترتے ہیں اور کوشش ہے کہ ایونٹ کی کامیاب ترین ٹیم بنیں۔
دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو امید ہیکہ ایبٹ آباد میں جاری غیرمتوقع بارشوں کا سلسلہ رکے گا اور وہ چوتھے راؤنڈ کے اہم میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ اس سے قبل ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کے درمیان تیسرے راؤنڈ کے 4 روزہ میچ میں محض 86 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا تھا۔
3 میچوں میں 19 پوائنٹس حاصل کرنے والی ناردرن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری پوزیشن پر موجود ہے۔ چوتھے راؤنڈ میں ناردرن کا مقابلہ بلوچستان سے ہوگا۔دونوں ٹیمیں کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔ گذشتہ راؤنڈ میں کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا گیا ناردرن اور سندھ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
سنٹرل پنجاب سے ایک اننگز سے شکست کھانے والی بلوچستان کی ٹیم راولپنڈی میں بہتر کارکردگی دکھانے کا عزم رکھتی ہے۔ شکست کے باوجود گذشتہ میچ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے بسم اللہ خان سے مہمان ٹیم کو بہتر کارکردگی کی امید ہے۔