امت کو متحد ہو کر کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہونا ہو گا،حافظ ادریس

  امت کو متحد ہو کر کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہونا ہو گا،حافظ ادریس

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے راہنما حافظ محمد ادریس نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت کو متحد ہوکر کشمیریوں کی پشت پر کھڑا ہونا پڑے گا۔دوماہ سے کشمیر میں قیامت برپا ہے،مظلوم کشمیریوں پر بھارت کی غاصب فوج ظلم و جبر کے طرح طرح کے حربے آزما رہی ہے۔سینکڑوں بچیوں کو اغواء کرکے انہیں اجتماعی درندگی کا نشانہ بنایا جارہا ہے،ہزاروں نوجوانوں کو پکڑ کر عقوبت خانوں میں انسانیت سوز مظالم سے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے اور ہزاروں کو آزادی کے مطالبے پر بھارت کی جیلوں میں بند کردیا گیا ہے۔دوماہ سے تعلیمی ادارے،ہسپتال اور مارکیٹیں بند ہیں۔بیمار گھروں میں دم توڑ رہے ہیں اور انہیں گھروں میں ہی دفنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امت اس وقت اجتماعی بے حسی کا شکار ہے۔حکمران اچھی تقریریں اور بیانات دینے کے بعد سمجھتے ہیں کہ انہوں نے اپنا فرض ادا کردیا ہے۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ امت کا پورا جسم زخم خوردہ اور لہولہان ہے۔کشمیر فلسطین اور میانمار کے مظلوم مسلمانوں پر زندگی تنگ گردی گئی ہے۔امت کے رستے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔ کشمیر ی مائیں بہنیں بیٹیاں کسی محمد بن قاسم اور محمود غزنوی کی راہ دیکھ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے حکمران بزدلی اور بے حمیتی کا مظاہرہ کررہے ہیں ایک طرف ہماری مائیں بہنیں اور بیٹیاں پکار رہی ہیں اور دوسری طرف ہمیں بزدلی کا سبق پڑھایا جارہا ہے۔حکمرانوں نے اپنی نگرانی میں ایل اوسی پر باڑ لگوائی اور اب اس باڑ کی حفاظت کررہے ہیں۔باڑ کی دوسری طرف مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو مظلوم کشمیریوں کی چیخ و پکار سنائی نہیں دے رہی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -