اسلام دنیا میں تکریم انسانی کا سب سے بڑا علمبردار ہے،راغب نعیمی

اسلام دنیا میں تکریم انسانی کا سب سے بڑا علمبردار ہے،راغب نعیمی

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسلام دنیا میں تکریم انسانی کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔معاشرے میں اخلاقی جرائم کے خاتمے کے لئے قانون سازی کی جائے۔اسلام دین فطرت ہوتے ہوئے حقوق انسانی کی عزت و احترام کی تعلیم دیتا ہے، تاکہ معاشرے میں امن و محبت کو فروغ ملے اور حقوق کی پامالی نہ ہو۔اِنسانی حقوق کے بارے میں اسلام کا تصور بنیادی طور پر بنی نوع انسان کے احترام، وقار اور مساوات پر مبنی ہے اس حوالے سے کوئی اور مذہب اور نظام اقدار اس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔اسلام میں انسانی جان کی قدر و قیمت اور حرمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دین اسلام میں ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔

، اسلام بلاتفریق رنگ و نسل بے گناہ انسانوں کے قتل کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعۃ المبارک کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ اسلام کے اصولوں نے ہر مسلمان کو یہ سکھایا ہے کہ وہ بلا لحاظ رنگ و نسل اپنے پڑوسیوں اور اقلیتوں کی حفاظت کرے، مسلمانوں کو غیر مذاہب کے لوگوں کے لیے رواداری کا سلوک کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ آپؐنے غیر مسلموں کے ساتھ جو احسان و ہمدردی اور خوش اخلاقی کے معاملات کئے، ان کی دنیا میں نظیر ملنا مشکل ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -