وزیر اعظم تاجروں کے تحفظات دور نہیں کر سکتے،بیلم حسنین
لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلزپارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی بیگم بیلم حسنین نے کہا ہے کہ کاروباری طبقہ جتنا آج پریشان ہے، پہلے کبھی نہیں تھا۔ وزیراعظم کے پاس تاجروں کے تحفظات اور مسائل حل کرنے کیلئے کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیگم بیلم حسنین نے کہا کہ ملک کا مستقبل معاشی ترقی پر ہوتا ہے اور تاجر حضرات اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بیگم بیلم حسنین نے کہا کہ ملک اور قوم کی کامیابی کاروباری معاشی ترقی میں ہوتی ہے اگر کاروباری طبقے کو ریلیف ہوگا تو ملک اور قوم کو ریلیف ہوگا جبکہ تاجر طبقہ ٹیکس کی ادائیگی میں بھی سب سے آگے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دوسرے ملکوں سے تجارتی معاہدے کرتے ہیں تو اس کا فائدہ تاجروں کو بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بزنس مین کو نیب سے تحفظات ہیں تو وزیراعظم کا فرض ہے کہ اسے دور کرے اور ملاقات طے کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ سرمایہ دار اپنے آپ کو محفوظ سمجھیں اور نوجوانوں کو روزگار ملے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو جلد تاجروں سے ملاقات کرینگے اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے ایک جامع پالیسی بھی دیں گے۔