افغان طالبان وفد کی پاکستان آمدتاریخی اہمیت کی حامل ہے،عاکف سعید

  افغان طالبان وفد کی پاکستان آمدتاریخی اہمیت کی حامل ہے،عاکف سعید

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)افغان طالبان وفد کی پاکستان آمد تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔یہ بات امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ 18سال پہلے افغان طالبان کی قائم کردہ اسلامی ریاست کو امریکہ اور اُس کے اتحادیوں نے ناجائز طور پر محض طاقت کے بل بوتے پر ختم کر دیا تھالیکن افغان طالبان نے گوریلا جنگ کے ذریعے اِن اِسلام دشمن قوتوں کو دندان شکن جواب دیا۔ امریکہ اور اُس کے اتحادی جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل ہونے کے باوجود نہتے طالبان سے شکست کھا گئے۔ بعدازاں امریکہ نے مذاکرات کے ذریعے افغان طالبان کی واضح فتح کو میز پر مذاکرات کے ذریعے شکست میں تبدیل کرنے کی سازش کی لیکن افغان طالبان نے کمال ہوشمندی سے اُنھیں مذاکرات کے میدان میں بھی شکست سے دوچار کیا، جس پر امریکہ نے مذاکرات ہی ختم کر دیے۔ اب پھر امریکہ اپنا تھوکا چاٹ کر مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے۔ درحقیقت اِس میں حکومت ِ پاکستان اور مسلمانانِ پاکستان کے لیے بھی ایک بڑا سبق ہے۔ وہ یہ کہ اگر اللہ پر بھروسہ کرو گے اور صادق مومن بن کر اللہ کی مدد طلب کرو گے تو دنیا کی کوئی طاقت تمہیں شکست نہیں دے سکتی۔ ہماری دعا ہے کہ پاکستان بھی اسلام دشمن قوتوں خاص طو رپر بھارت سے جنگ میں یہی راہ اختیار کرے۔

عاکف سعید

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -