حضرت بہاء الدین زکریا ؒ کا 3روزہ عرس آج سے شروع‘ سکیورٹی ہائی الرٹ

  حضرت بہاء الدین زکریا ؒ کا 3روزہ عرس آج سے شروع‘ سکیورٹی ہائی الرٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سٹی رپورٹر)بر صغیر پاک و ہندکے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاء الدین زکریا ملتانی ؒ کے 780 ویں سالانہ عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات آج 5اکتوبرسے درگاہ عالیہ واقع قاسم باغ، ملتان میں شروع ہوں گی یہ تقریبات7اکتوبر بروز سوموار تک جاری رہیں گی۔ تقریبات کا آغاز 9:30 بجے صبح درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی، دربار حضرت موسی پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید وجاہت حسین گیلانی اور دیگر مشائخ تقریب غسل سے کریں گے۔ اس کی بعد سالانہ قومی زکریا کانفرنس درگاہ کے احاطے میں منعقد ہو گی۔ مفتی زبیر احمد چشتی، مفتی غلام مصطفی رضوی، علامہ محمد رمضان شاہ فیضی اور علامہ محمد فاروق خان سعیدی خطاب کریں گے۔ رات کو حسن قرات و نعت ہوگی۔ عرس کے دوسرے روز 10 بجے دن قومی زکریا کانفرنس میں پیر خالد سلطان قادری اور دیگر مقررین خطاب کریں گے۔ رات کو محفل سماع ہوگی۔ 7اکتوبر کو اختتامی تقریبات میں جماعت اہلسنت کے سربراہ علامہ مظہر سعید کاظمی، خواجہ معین الدین کوریجہ، خواجہ غلام قطب الدین فریدی اور مفتی محمد رمضان سیالوی خطاب کریں گے۔ ایک بجے دن ختم شریف درودوسلام اور اجتماعی دعا ہو گی۔ عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے ممتاز علماء اور مشائخ کے علاوہ ہزاروں زائرین شریک ہوں گے۔ پاکستان زکریا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیں گے۔برصغیر پاک وہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت غوث بہاؤ الدین زکریا ملتانی کے سالانہ تین روزہ عرس کی تقریب میں شرکت کے لئے آنے والے زائرین غلام نبی، سلطان کھوسو، منیر چانڈیوں، انور کھوسو، علی حمدان، فیاض ابڑو، سمیت دیگر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ محکمہ اوقاف نے زائرین کے لئے کسی قسم کے کوئی انتظامات نہیں کئے ہیں جس کی وجہ سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہاہے کہ ہم گذشتہ دو دنوں سے وارہ ضلع لاڑکانہ سے ملتان آئے ہوئے ہیں ہمیں کسی قسم کی رہائش نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ہم فٹ پاتھ پر پڑے ہوئے ہیں انہوں نے کہاہے کہ ہم پہلے دربار کے اندر رہتے تھے لیکن اب پولیس اہلکار ہمارا سامان دربار کے اندر نہیں لے کر جانے دیتے اب ہم کہاجائیں ہمارے ساتھ چھوٹے چھوٹے بچے اور خواتین ساتھ ہیں مجبوری ہے آج بھی ہمیں یہی رہنا پڑے گا۔ محکمہ اوقاف پنجاب کے سیکریٹری ذوالفقار گھمن اور صوبائی وزیر مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ کا عر س کی تقریب میں شرکت متوقع محکمہ اوقاف ملتان زون نے سیکریٹری اوقاف کے دورہ کے سلسلے میں انتظامات مکمل کر لئے ہیں تفصیل کے مطابق بر صغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت غوث بہاؤ الدین ذکریا ملتانی کے سالانہ عر س کی تقریب میں شرکت کے لئے سیکریٹری اوقاف پنجاب آج ملتان پہنچے گے اس سلسلے میں محکمہ اوقاف ملتان نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت غوث بہاؤ الدین ذکریا ملتانی کے سالانہ عرس کے سلسلے میں محکمہ صحت، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، محکمہ اوقاف، محکمہ ریلوے، سالڈ یسٹ منیجمنٹ،پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ،سمیت دیگر محکموں نے زائرین کو سہولیات پہنچانے کے دربار کے احاطے میں کیمپ لگا لئے ہیں جہاں آج صبح عملہ ڈیوٹی سنبھال لئے گا۔ برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت غوث بہا ؤ الدین ذکریا ملتانی کے سالانہ عرس کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ گذشتہ روز سے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی سیکورٹی سنبھال کر قلعہ سیل کر دیا گیا ہے آج شروع ہونے والے عرس کے سلسلے میں ریجنل پولیس آفیسر ملتان،ایس پی سٹی سمیت دیگر پولیس افسران نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اور اولیا ء کرام کی درگاہوں کا دورہ گیا اور سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت غوث بہا ؤ الدین ذکریا ملتانی کے سالانہ عرس کی تقریب میں شرکت کے لئے ملک بھر سمیت سندھ بھر سے زائرین کی ملتان آمد کا سلسلہ جاری ہے گذشتہ روز دن بھر زائرین کے قافلے ملتان پہنچتے رہے اب تک ہزاروں کی تعداد میں زائرین ملتان پہنچ چکے ہیں۔ برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت غوث بہاؤ الدین زکریا ملتانی کے سالانہ عرس کے موقع پر کیش بکسوں کی نگرانی کے لئے لاہور سے 6 رکنی ٹیم ملتان پہنچ گئی ہے جو عرس کے تینوں روز دربا رکے احا طے میں رکھے کیش بکسوں کی نگرانی کریگی تاکہ زائرین سے کوئی بھی شخص نذرانہ وصول نہ کرسکے بلکہ وہ محکمہ اوقاف کے کیش بکس میں ڈالے جا سکیں یہ ٹیم 7اکتوبر تک ملتان میں رہے گی۔ محکمہ صحت کی جانب عرس کی تقریب میں شرکت کے آنے والے زائرین کے بچوں کو پولیوں کے قطرے پلائے گئے محکمہ صحت کے اہلکاروں نے دربار حضرت غوث بہاؤ الدین زکریا ملتانی، دربار حضرت غوث بہاؤ الدین زکریا اور زائرین کمپلیکس میں بھی کیمپ لگا لئے ہیں جہاں زائرین کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں محکمہ اوقاف ملتان زون کے ایڈمنسٹریٹر ضیاء المصطفی نے کہا ہے کہ درگاہ حضرت بہاء الدین زکریا ملتانی کے تین روزہ عرس کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی مدد سے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے، تین واک تھرو گیٹ لگائے جا رہے ہیں جبکہ 15سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تقریبات کی مکمل مانیٹرنگ بھی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرانہوں نے مزید کہاہے کہ 6لاکھ 70ہزار روپے کے فنڈز کی مدد سے عرس انتظامات کئے جارہے ہیں، بہتر انتظامات کے لئے ڈی سی ملتان کے ساتھ دو مرتبہ میٹنگ ہو چکی ہے، محکمہ تعلیم کے 13 سکولوں اور 3 کالجز اور حاجی کیمپ کے دس کمروں کو زائرین کے قیام گاہوں کی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ کی تزئین و آرائش کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے عرس حضرت بہاؤلدین زکریا کے حوالے سے 05، 06 اور 07 اکتوبر کا ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے قلعہ کہنہ قاسم باغ کے تمام اطراف پر ٹریفک پولیس کی تین شفٹون سپیشل ڈیوٹی لگا دی گئی ہے قلعہ کہنہ قاسم باغ کے تمام داخلی راستے ہمہ قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔، دور دراز سے آنیوالے زائرین کی بسوں کے لیے واٹر ورکس روڈ اور حافظ جمال روڈ پر پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں زائرین کی کاروں کے لیے حسین آغاہی موڑ اور لائبریری موڑ پر پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔عوام الناس سے التماس ہے کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور مخصوص کردہ پارکنگ ایریا میں اپنی گاڑیوں کو پارک کریں سٹی ٹریفک پولیس ملتان ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوشاں ہیں۔
عرس

مزید :

صفحہ اول -