دلہن کی روانگی، ڈرائیور نے گاڑی چلاتے ہی سیدھی جا کر کھمبے میں ماردی، مہمانوں کے منہ کھلے کے کھلے رہ گئے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) شادی کا دن دولہا دلہن کی زندگی کا یادگار ترین دن ہوتا ہے لیکن گزشتہ دنوں برطانیہ میں کار ڈرائیور کی غفلت نے ایک دلہن کا شادی کا دن غارت کر دیاجس نے دلہن کی کار ایک کھمبے سے ٹکرا دی اور دلہن کو شادی کا دن ہسپتال میں گزارنا پڑ گیا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ برطانوی شہر ڈارلنگٹن میں پیش آیا ہے ۔
واقعے کی منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شادی کی تقریب کے بعد دلہن باہر آ کر گاڑی میں بیٹھتی ہے اور ڈرائیور گاڑی چلا کر ایک موڑ کاٹتا ہے اور کچھ ہی فاصلے پر جا کر گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر سڑک کنارے کھمبے سے ٹکرا جاتی ہے۔ پیچھے کھڑے مہمان، جو دلہن کو روانہ کر رہے تھے، یہ واقعہ دیکھ کر ہکا بکا رہ گئے۔ رپورٹ کے مطابق حادثے میں دلہن کو کافی چوٹیں آئیں جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔