سری لنکا نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں عبرتناک شکست دے دی

سری لنکا نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں عبرتناک شکست دے دی
سری لنکا نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں عبرتناک شکست دے دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز بھی نہ کھیل پائی اور 17 اعشاریہ 4 اوورز میں 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 

پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پایا اور ایک کے بعد ایک آؤٹ ہوتا رہا ۔ بابر اعظم 13اور عمر اکمل کوئی رن بنائے بغیر آوٹ ہو گئے،ڈر ڈر کر بیٹنگ کرنے والے احمد شہزاد بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور نو گیندوں پرچار رنز بنا کر آوٹ ہوگئے ۔ گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد نے 24 اور افتخار احمد نے 25 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ آصف علی 6، عماد وسیم 7، فہیم اشرف 8، شاداب خان 6 اور محمد عامر نے ایک رن بنایا۔

آئی لینڈرز کی جانب سے ادانا اور پردیپ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ ڈی سلوا نے 2 اور رجیتھا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بلے بازی کی پیشکش کی ۔سری لنکا کی جانب سے گناٹھکالا 57،فرنینڈو 33،رجب پاکسا32،شانکا 17اور جے سوریا 2رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 3اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی ۔محمد حسنین نے چار اوورز میں 37سکور دے کر تین وکٹیں لیں ۔

مزید :

اہم خبریں -کھیل -Breaking News -