ایل ڈی اے سٹی فیز ون کے9ہزار فائل ہولڈرز کو پلاٹ دینے کیلئے قرعہ اندازی کب ہو گی ؟تاریخ کا اعلان ہو گیا

ایل ڈی اے سٹی فیز ون کے9ہزار فائل ہولڈرز کو پلاٹ دینے کیلئے قرعہ اندازی کب ہو ...
ایل ڈی اے سٹی فیز ون کے9ہزار فائل ہولڈرز کو پلاٹ دینے کیلئے قرعہ اندازی کب ہو گی ؟تاریخ کا اعلان ہو گیا

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایل ڈی اے سٹی میں ترقیاتی کاموں پر پیش رفت اور قرعہ اندازی کے بارے میں بریفنگ  ایل ڈی اے سٹی سائٹ پر منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید تقریب کے مہمان خصوصی تھے،لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئر مین ایس ایم عمران اور ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی فیز ون کے لئے حصول اراضی کا تقریباً 90فیصد کام مکمل کر لیا گیا، فائلیں خریدنے والے نو ہزار افراد کو سپریم کورٹ کے حکم پر پلاٹ دینااولین ترجیح ہے،ایک سال قبل شکوک و شبہات او ر غیر یقینی صورتحال کے باوجود ایل ڈی اے سٹی منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے جو کسی معجزے سے کم نہیں ،یہ ہماری نیک نیتی کے نتیجے میں اللہ تعالی کا انعام ہے ،فائل ہولڈرزکی دعاؤں کے ساتھ ساتھ وائس چیئر مین ایس ایم عمران،ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم اوران کی ٹیم اور ڈویلپمنٹ پارٹنرز کی دن رات کی محنت کے نتیجے میں بہت جلد ہم اس چیلنج سے عہدہ برآ ہو رہے ہوں گے۔انہو ں نے کہ فائل ہولڈرز سے ترقیاتی اخراجات آدھے وصول کئے جائیں گے۔

اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے سٹی فیز ون کے لئے تقریباً 11ہزار تین سو کنال اراضی ایل ڈی اے کو پیش کر دی گئی،باقی570کنال اراضی کے حصول کا کام تیز کر دیا گیا،سکیم کے 9ہزار فائل ہولڈرز کو پلاٹ دینے کے لئے قرعہ اندازی ہفتہ30نومبر کو منعقد ہوگی،شفافیت برقرار رکھنے کے لئے قرعہ اندازی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر اہتمام کروائی جائے گی،اراضی کی ایگزمشن شدہ فائلیں قرعہ انداز ی میں شامل کرنے اور ان پر پلاٹ نمبرلگانے کے لئے شیڈول مرتب کر لیا گیا،ایگزیمشن لیٹر کے اجرا  کی درخواستیں وصول کرنے اور فائلوں کی ٹرانسفر کی آخری تاریخ16نومبرمقررکی گئی ہے اوران درخواستوں پرایگزیمشن اور ٹرانسفر لیٹرز کا اجراء26نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ایگزیمشن اور ٹرانسفر لیٹرز کا تمام ڈیٹا28نومبر کو ایل ڈی اے کی ویب سائٹ  www.lda.gop.pk پر اپ لوڈ کر دیاجائے گا۔

سکیم کے فیز ون میں ترقیاتی کاموں کے لئے اس بجٹ میں تین ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، یہا ں چارہزار کنال سے زائد اراضی پر دن رات دو شفٹوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں، سکیم کے دو انٹری گیٹ تعمیر کئے جائیں گے۔فیروز پورروڈ سے ڈیفنس روڈ تک پہلے سے تعمیر شدہ ایل ڈی اے سٹی روڈ کو فیز ون سے ملانے کے لئے دو کلومیٹر طویل نئی لنک روڈ تعمیر کی جائے گی ،اس مقصد کے لئے حصول اراضی کی خاطر سیکشن چار کا نوٹیفکیشن کرد یا گیا ہے،ایل ڈی اے سٹی میں بجلی کا نظام انڈر گراؤنڈ ہو گا،فیز ون میں دوکنال کے 85، ایک کنال کے 2288، دس مرلے کے 4231اورپانچ مرلے کے 4793پلاٹ بنائے گئے ہیں۔ایل ڈی اے سٹی کا مین پارک 330کنال رقبے پر ڈویلپ کیا جائے گا۔مسجد کی تعمیر کے لئے16کنال کا پلاٹ مختص کر دیا گیا ہے،سکیم کی سڑکوں کی کم ازکم چوڑائی40فٹ ہے،سکیم کی مین بلیوارڈ 300فٹ چوڑی ہے،بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم سپورٹس کمپلیکس اور ماڈل قبرستان ایل ڈی اے سٹی میں شامل اراضی پر بنائے گئے ہیں۔

  بریفنگ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان‘چیف انجینئر مظہر حسین خان‘ڈائریکٹر فہد انیس اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔ایل ڈی اے سٹی کے ڈویلپمنٹ پارٹنرزپاک اسٹیٹ کے عمران علی بھٹی، اربن ڈویلپرز کے طاہرجاوید،الفا اسٹیٹ کے ملک آصف،معمارسروسز کے عبد الرشید اور منیجر ظفر محمود چشتی بھی شریک ہوئے۔

مزید : رئیل سٹیٹ


loading...