سیڈ کونسل بورڈ کا اہم اجلاس،ممبران کی منظوری سے کمیٹی تشکیل

سیڈ کونسل بورڈ کا اہم اجلاس،ممبران کی منظوری سے کمیٹی تشکیل

  

ملتان(سپیشل رپورٹر)پنجاب سیڈ کارپوریشن کسانوں کو معیاری اور سستا بیج فراہم کرنے میں بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے زرعی فارموں پر ہونے والے نقصانات کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں (بقیہ نمبر6صفحہ6پر)

تاکہ بنیادی سیڈ پروڈکشن میں اضافہ کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے پنجاب سیڈ کونسل کے بورڈ کے 120 ویں اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے بورڈ ممبران کی منظوری سے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے زرعی فارموں پر نقصانات کی وجوہات جاننے اور اس کو روکنے کے لئے ممبر بورڈ پنجاب سیڈ کونسل آفتاب احمد کھچی کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جو نہ صرف اسکی مکمل جانچ پڑتال کرے گی بلکہ ان نقصانات کے ذمہ داران کا تعین کرکے پنجاب سیڈ کونسل کے اگلے بورڈ کے اجلاس کے موقع پر رپورٹ پیش کرے گی۔ اس موقع پرصوبائی وزیر زراعت کو منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن فضل الرحمان نے بتایا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن نے اپنے پلانٹس اپ گریڈیشن کے لئے حکومت پنجاب کو پراجیکٹ بنا کر دیا تھا جسکی منظوری ہو چکی ہے اور ان پلانٹس کو 1980 کے بعد اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انھوں نے صوبائی وزیر کو زمینوں پر ناجائز قبضہ کے متعلق بھی بتایا جس پر صوبائی وزیر نے ہدایات کیں کہ قبضہ کی ہوئی زمینوں کی واگزاری کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے ممبران پنجاب سیڈ کونسل کی منظوری سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے مطابق محکمہ فنانس سے ایڈوائس لینے اور اس پر عمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ اس کے علاوہ ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے قائم کمیٹیوں میں ممبران کو بھی شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بورڈ ممبران جاوید قریشی، محمد احمد یوسف، ملک مسعود ایڈوائزر سیڈ پنجاب کارپوریشن اور ملک آفتاب کھچی، میڈم رابعہ سلطانہ، منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن فضل الرحمان، ڈائریکٹر ایڈمن میڈم صدف ظفر، ڈائریکٹر فنانس رانا رفعت اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشن پنجاب سیڈ کارپوریشن شاہد قادر سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

تشکیل

مزید :

ملتان صفحہ آخر -