زمین ڈاٹ کام نے پروفیسر مختار احمد بٹ کارپوریٹ لیگ جیت لی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ پورٹل زمین ڈاٹ کام نے پروفیسر مختار احمد بٹ کارپوریٹ لیگ 2021 جیت لی۔ یہ پروفیسر مختار احمد بٹ کارپوریٹ لیگ کا دسواں ایڈیشن تھا۔ تفصیلات کے مطابق اتفاق کرکٹ گراونڈ ارفع کریم میں منعقد ہونے والا فائنل میچ زمین ڈاٹ کام اور نیٹ سول کے درمیان کھیلا گیا۔ فائنل میچ کا ٹاس نیٹ سول نے جیت کر پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا۔ زمین ڈاٹ کام نے مقررہ اوورز میں 180 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا ،جس کے جواب میں نیٹ سول کی پوری ٹیم محض 112 رنز بنا کر آل آوٹ ہوگئی۔ فائنل کے مین آف دی میچ کااعزاز ندیم اکمل کو حاصل ہوا جنہوں نے اپنی شاندار آل راونڈ کارکردگی کی بدولت جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ندیم اکمل نے فائنل میں 50 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ مخالف ٹیم کی 5 اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اس ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا اعزاز زمین ڈاٹ کام کے زوہیب نبی کو حاصل ہوا جنہوں نے 280 رنز سکور کئے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز سلمان شاہد کو حاصل ہوا جنہوں نے وکٹوں کے پیچھے 4 اہم کیچ پکڑنے کے ساتھ ساتھ ایک سٹمپ آوٹ بھی کیا۔فائنل جیتنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زمین ڈاٹ کام کے سینئر منیجر مارکیٹنگ رضوان کاظمی کا کہنا تھا کہ اس اہم ٹورنامنٹ کی جیت پر اللہ کے شکرگزار ہیں۔ زمین ڈاٹ کام کی کرکٹ کے علاوہ بھی مختلف کھیل کے میدانوں میں موجود ہے اور وہاں بھی کئی ٹرافیاں اپنے نام کر چکی ہے۔