کشمیریوں کی جدو جہد ختم ہوئی تو پاکستان کو پانی کا قطرہ بھی نہیں ملے گا: سراج الحق 

کشمیریوں کی جدو جہد ختم ہوئی تو پاکستان کو پانی کا قطرہ بھی نہیں ملے گا: سراج ...

  

       لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ کشمیرکی آزادی کے بغیر بھارت سے کشیدگی ختم نہیں ہو سکتی۔ خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو۔ سارے دریا کشمیر سے آتے ہیں،کشمیریوں کی جدوجہد ختم ہوئی تو پاکستان کو پانی کا قطرہ بھی نہیں ملے گا۔ وزیر اعظم نے کشمیر پر نئے آپشن کی بات کی، بنیادی طورپر انھوں نے پرویز مشرف والی گردان دہرائی، امریکہ اور بھارت کی بھی یہی خواہش ہے۔ہمارے حکمرانوں کی اس طرح کی باتوں سے کشمیر کاز کو بے پناہ نقصان پہنچا۔ کشمیر کی آزادی کے لیے کل وقتی نائب وزیر خارجہ کا تقررکیا جائے۔ گلگت بلتستان کو پاکستان کاعبوری صوبہ نہ بنایا جائے۔ حکمرانوں کا مستقبل کا ایجنڈا آزاد کشمیر کو بھی صوبہ بنانا ہے، ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔کشمیر کی نازک صورت حال کے تناظر میں اسلام آباد میں او آئی سی کی خصوصی کانفرنس بلائی جائے۔ تعلیمی نصاب میں سید علی گیلانی کے بارے میں باب شامل کیا جائے۔ صوبائی دارالحکومتوں میں کسی ایک بڑی سڑک کو سید علی گیلانی کے نام سے منسوب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے زیر اہتمام قائد تحریک آزادی کشمیر شہید سید علی گیلانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ تعزیتی ریفرنس سے جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان،سابق امیر سردار اعجاز افضل خان،تحریک حریت کے کنونیئر غلام محمد صفی،جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے راہنما غلام نبی نوشہری،کل جماعتی حریت کانفرنس کے راہنما شیخ عبدالمتین،محمد حسین خطیب،سید محمد عبداللہ،لبریشن فرنٹ کے راہنما رفیق ڈار، نذیر قریشی،جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر نصراللہ رندھاوا جماعت اسلامی آزادکشمیر کے مرکزی نائب امیر نورالباری، مرکزی سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان،اشرف بلال سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد پاکستان کے لیے ہے،کشمیرکی آزادی اور کشمیر کاز کو چھوڑنا پاکستان کے نظریے سے غداری ہو گی۔انہوں نے کہاکہ اللہ نے کئی بار کشمیر کی آزادی کا موقع عطا کیا مگر بدقسمتی سے حکمرانوں نے ان مواقعوں کو ضائع کردیا۔ ایک موقع پر ہم سرینگر ائیر پورٹ کے نزدیک پہنچ گئے تھے جنرل گریسی نے سب کو واپس بلا لیا۔

 سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -