پنڈورا پیپرز سکینڈل میں ملوث وزراء سے فوری استعفے لئے جائیں: ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد 

پنڈورا پیپرز سکینڈل میں ملوث وزراء سے فوری استعفے لئے جائیں: ڈاکٹر ذکر اللہ ...

  

        لاہور(انٹر ویو، میاں اشفاق انجم، تصاویر، ایوب بشیر) موجودہ حکومت نے 3سالوں میں عوام کو مہنگائی بے روزگاری اور لادینیت کیخلاف قوانین کی منظوری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ پانامہ کے بعد پنڈوراپیپرز نے صاف چلی شفاف چلی نعروں کا پول کھول دیا ہر دوسرا وزیر مال بنانے اور لوٹ مار میں ملوث پایا جا رہا ہے، ڈالر کی اڑان کی وجہ سے بیرونی قرضے کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔پٹرول کی قیمتیں کم کرنے، ضروریات زندگی کی اشیاء کم قیمت پر فروخت کرنے کے نعرے ہوا میں اڑا دئیے گئے ہیں۔ حکومتی اقدامات عوام کو بغاوت کی طرف لے جا رہے ہیں۔ سیکنڈل میں ملوث وزراء سے فوری استعفے لئے جائیں۔ربیع الااول نبیﷺ کی سیاست، اسلامی ریاست،عشق مصطفی، نظام مصطفی کے سلوگن کے ساتھ منائیں گے، ان خیالات کا اظہار امیر ضلع جماعت اسلامی لاہور ونائب امیر صوبہ پنجاب وسطی ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی انٹر ویو میں کیا انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت ناکامی کا اعتراف کرے اپنے منشور کے برعکس عوام کو خوار کیا جا رہا ہے عوام کو ووٹ دینے کی سزا دی جا رہی ہے، امیر ضلع نے کہا پورے ملک کے اداروں کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے، کئی سطح پر حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ہر بندے کا اپنا دام ہے۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا پانامہ میں شامل افراد کیخلاف کچھ نہیں ہوا، لگ رہا ہے پنڈورا پیپرز میں ملوث لوگوں کیخلاف بھی کارروائی نہیں ہو گی عمران خان کو اپنے دعوے سچ کرنے کیلئے سیکنڈل میں ملوث وزراء کو فوری استعفے لے کر تحقیقات کا آغاز کرنا ہو گا۔ امیر ضلع نے کہا ڈالر کی اڑان نے معاشی نظام کو درہم برہم کر دیا ہے کچھ لیے بغیر ملکی قرضوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے پٹرول سستا کرنے 5،0لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں دینے کے وعدے اور نعرے دم توڑ چکے ہیں۔ امیر ضلع نے کہا اداروں کو مضبوط بنانے کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، 15دن بعدپٹرول بم چلانے کی نئی روایت قائم کر دی گئی ہے، ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا مدینہ کی ریاست بنانے کا دعویٰ کر کے عوام سے ووٹ لینے والوں نے دین اسلام کے خلاف قانون سازی شروع کر رکھی ہے، خاندانی نظام،قبول اسلام کے لیے عمر کی شرط، ختم نبوت کے حوالے سے سازشیں جاری ہیں۔ پروٹیکشن بل جیسے خلاف اسلام اقدامات کو منظور کرانے کے لیے مہم جاری ہے یکساں نصاب تعلیم کی اڑ میں بھی سیرت رسول ﷺ جہاد اور صحابہ کرام کے مضامین کو نکالنے کی مہم قابل مذمت ہے امیر ضلع نے کہا ختم نبوت پر وٹیکشن بل پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے،جماعت اسلامی سیسہ پلائی دیوار بنے گی۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہار حمتوں اور برکتوں کا مہینہ ربیع الاول آرہا ہے ہم نے ایسے روایاتی انداز میں منانے کی بجائے نبی مہربان ﷺ کے مشن کو آگے بڑھانے اور سیرت کے پہلوؤں کو اجاگر کرنے کا جامعہ پروگرام تشکیل دیا ہے۔ ہم اس مبارک ماہ کو نبی کی سیاست، اسلامی ریاست۔ عشق مصطفی۔ نظام مصطفی کے سلوگن کے تحت منائیں گے۔ ہر یوسی اور علاقے کیساتھ حلقوں میں سیرت ﷺکے پروگرام مرتب ہوں گے۔ 

ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد

مزید :

صفحہ آخر -