پاکستان سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام کی سروسز معطل، لاکھوں صارفین پریشا ن، امریکی سٹاک مارکیٹ میں فیس بک شیئر ز کی قیمتیں گر گئیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر ہوگئیں جس وجہ سے لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دنیا بھر میں مذکورہ سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کی سروس پاکستانی وقت کے مطابق تقریبا رات ساڑھے آٹھ بجے متاثر ہوئیں اور محض ٹوئٹر سماجی رابطوں کی بڑی ویب سائٹ تھی جو بحال رہی لہٰذا صارفین ٹوئٹر پر ہی اپنی مایوسی کا اظہار کرتے رہے۔دلچسپ بات یہ ہے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے ٹوئٹر پر موجود آفیشل اکاؤنٹ بدستور کام کرتے رہے اور وہ ٹوئٹر کے ذریعے ہی اپنے صارفین سے رابطے میں رہیں۔تینوں ایپلی کیشنز کی سروسز میں تعطل رات گئے تک جاری رہا جس کے باعث صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ جاری رہا۔دوسری جانب واٹس ایپ نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ہمیں علم ہے کہ بعض لوگوں کو واٹس ایپ کے استعمال میں مسئلہ درپیش ہے، ہم چیزوں کو معمول پر لانے کیلئے کام کررہے ہیں اور اس حوالے سے جلد ہی آگاہ کیا جائیگا۔ادھر سروسز متاثر ہونے پر فیس بک نے بھی یہی بیان جاری کیا۔ان سروسز کی معطلی کے دوران امریکہ میں ٹوئٹر پر واٹس ایپ اور فیس بک ٹاپ ٹرینڈ رہا، البتہ ان سروسز کے تعطل کی کوئی وجہ اب تک سامنے نہیں آ سکی۔دنیا بھر میں سروس ڈاؤن ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹس ٹوئٹر اور سگنل نے واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام پر طنز کیا ہے۔ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے اپنے آفیشنل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ”سب“کو ہیلو کہا گیا۔دنیا بھر میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز میں متاثر ہونے کے بعد امریکی سٹاک مارکیٹ میں فیس بک کے حصص کی قیمت 5.5 فیصد گرگئی۔
سروسز معطل