مجوزہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل کے مسودہ کو حتمی شکل دیدی: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے مجوزہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل کے مسودہ کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حتمی شکل دیدی ہے، وزارت اطلاعات پی ٹی وی کی پارلیمنٹ کی براہ راست نشریات کو تجارتی بنیادوں پر چلانا چاہتی ہے، پی ٹی وی سپورٹس کی نشریات کو ایچ ڈی کیا جا رہا ہے، پی ٹی وی باصلاحیت امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کر رہا ہے، ماضی میں سابقہ حکومتوں نے پی ٹی وی میں سیاسی بنیادوں پر غیر ضروری بھرتیاں کیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں 2اگست 2021کو منعقد ہونیوالے کمیٹی کے اجلاس کی سفارشات پر عملدرآمد کے حوالے سے رپو ر ٹ کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے مجوزہ پی ایم ڈی اتھارٹی بل کے بارے میں پیشرفت کے بارے میں دریافت کیاتو وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا بل کے مسودے کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حتمی شکل دیدی گئی ہے، چیئرمین کمیٹی نے کہا بل کا مسودہ کمیٹی کو فراہم کرنے کے بعد ہم اس پر تبادلہ خیال کرکے اپنی رائے دینگے۔ کمیٹی نے پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کے انتظامی کنٹرول میں موجود زمینوں اور عمارتوں کا آپٹمائزیشن پلان فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی کے ممبران کو بتایا گیا پی ٹی وی ملک بھر میں اپنی زمینوں اور عمارتوں کی کا از سر نو جائزہ لے رہا ہے، جیسے ہی ری ویلیوایشن کا مرحلہ مکمل ہوگا تو ان زمینوں اور عمارتوں کے استعمال سے متعلق اگلے مرحلے کے بار ے میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔ کمیٹی اجلاس میں گزشتہ پانچ سالوں میں بھرتی کئے جانیوالے تمام کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں کے ڈھانچہ کیساتھ فراہم کردہ فہرستو ں پر غورکیا گیا۔ سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے ملازمین کی تنخواہوں کے پیکیج میں بڑے فرق کی نشاندہی کی اور تجویز دی کہ پی ٹی وی میں یومیہ اجرت پر کام کرنیوالوں کو کنٹریکٹ فراہم کیا جائے، فواد چوہدری نے کہا ہم نے ریاستی میڈیا کے بہترین مفاد میں پالیسیوں کی تیاری کیلئے ایچ آر فرم کی خدمات حاصل کی ہیں،جبکہ چیئرمین کمیٹی نے پی ٹی وی حکام کو ہدا یت کی کہ وہ ایچ آر پالیسیوں کو ریشنلائز کریں، 2008ء کے بعد سے بھرتی کردہ ملازمین کی فہرست فراہم کی جائے۔فواد چوہدری نے کہا نجی ٹی وی چینلز کو پی ٹی وی سی کی جانب سے لائیو فیڈ کیلئے ادائیگی کرنی چاہئے۔ اجلاس میں 25جنوری 2021ء کو ایوان کی طرف سے بھیجے گئے اطلاعات تک رسائی کے حق (ترمیمی)بل 2020ء پر مزید غور کیا گیا جبکہ اجلاس میں میڈیا کے ذریعے عوامی خدمات کے پیغامات پہنچانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کے دوران چیئرمین کمیٹی نے سوال کیاکہ نجی ٹی وی چینلز پرائم ٹائم کے دوران پبلک سروس میسیجز نشرنہ کئے جانے پر پیمرا سے جامع رپورٹ طلب اور اگلے اجلاس میں پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کو طلب کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
فواد چوہدری
اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے پاناما اورپنڈورا لیکس وزیراعظم کے موقف کو تقویت دیتے ہیں اور پنڈورا باکس کی ٹائمنگ بالکل ٹھیک ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا آف شورکمپنیزکو ڈکلیئرکرنا ضروری ہے، ایسی کمپنی ڈکلیئر نہ کرنیوالے ملزم ہیں اور ان ملزمان کو پاکستانی قانون کے مطابق سزا بھگتنی چاہیے۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چو ہدری نے کہا وزیراعظم عمران خان کی جدوجہد کرپشن کیخلاف اور بیرون ملک سے پیسہ واپس لانے کیلئے رہی ہے،غریب ملکوں کا پیسہ بیر و ن ملک منتقلی کو روکنا ہوگا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی وزیراعظم نے خطاب میں بیرون ملک سے پیسہ واپسی کے عمل پرعالمی سطح پرقا بل عمل کارروائی پر زور د یا۔ رکن پنجاب اسمبلی علیم خان کی کمپنی کا بار بار نام آنا نامناسب وہ پہلے ہی کمپنی ڈکلیئرکرچکے ہیں۔پنڈورا لیکس کے بعدمریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کا نام ہونے کی غلط خبر کچھ نجی چینلز نے چلائی، پی ٹی وی نے نہیں، کسی نے پی ٹی وی کا فیک آرٹ ورک بنا کر وائرل کردیا، فیک نیوز پر قانون سازی کی ضرورت ہے تاہم پرائیوٹ میڈیا ہاؤسز اس کیخلاف ہیں،اس حوالے سے تحقیقات کا میکینزم ہونا چاہئے۔
وزیراطلاعات