عمر شریف اورگلشن شیخ  کے انتقال پراسپیکر سندھ اسمبلی کا اظہار تعزیت

عمر شریف اورگلشن شیخ  کے انتقال پراسپیکر سندھ اسمبلی کا اظہار تعزیت

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے پاکستان کے منفرد،اداکار اور مزاح نگار عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف کامیڈی کنگ کے طور پر دنیا بھر میں پہچانے جاتے تھے ان کے انتقال سے مزاح کا ایک پوراباب بند ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ عمر شریف نے اپنے فن اور مزاح کے ذریعے انسانوں کو ہنسی اور مسکراہٹ دیکر انسانیت کی خدمت کا ایک منفرد انداز اپنایا۔انہوں نے کہا کہ پریشان حال اور دکھی انسانوں کے چہروں پر اپنے فن کے ذریعے ہنسی اور مسکراہٹ لانے والے فنکار عمر شریف کا انتقال ان کے مداحوں کے لئے بہت بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر شریف کے انتقال سے فنِ اداکاری میں پیدا ہونے والا خلا پ ر نہیں ہوسکے گا۔آغا سراج درانی نے عمر شریف کے انتقال پر ان کے اہل خانہ اور ملک بھر میں ان کے مداحوں سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ ا للہ تعالی، مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خاندان اور چاہنے والوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عنایت کرے۔دوسری طرف اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سینئر صحافی گلشن شیخ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ گلشن شیخ کی صحافتی دنیا میں دی جانے والی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی انھوں نے دعا کی کہ ا للہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔

مزید :

صفحہ اول -