پنڈورا لیکس میں سامنے آنے والے افراد کے ساتھ بھی نواز شریف جیسا سلوک برتا جائے ، شاہد خاقان عباسی 

پنڈورا لیکس میں سامنے آنے والے افراد کے ساتھ بھی نواز شریف جیسا سلوک برتا ...
پنڈورا لیکس میں سامنے آنے والے افراد کے ساتھ بھی نواز شریف جیسا سلوک برتا جائے ، شاہد خاقان عباسی 

  

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پنڈورا لیکس میں سامنے آنے والے افراد کے ساتھ بھی پانامہ لیکس کے بعد نواز شریف کے ساتھ برتا جانے والا سلوک کیا جائے ۔

احتسا ب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس طرح نواز شریف کو جیل میں ڈال کر تحقیقات کی گئیں اسی طرح پنڈورا پیپرز میں سامنے آنے والے سات سو افراد کو پہلے جیل میں ڈالا جائے اور پھر تحقیقات کی جائیں ، ملک کا آئین و قانون یہی کہتا ہے کہ جو سلوک ایک شخص سے کیا جائے وہی سب سے روا رکھا جائے ، اگر مسلم لیگ ن کیلئے تحقیقات کا معیار دوسروں سےامتیازی ہوگا تو عوام سب دیکھ رہے ہیں ۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ، احسن اقبال ، سعد رفیق ، خواجہ آصف کو بغیر ثبوت کے جیل میں ڈالا جاتا ہے ، جب سے پنڈورا پیپرز سامنے آئے ہیں چیئرمین نیب نے کوئی کارروائی کی ہے ؟۔چیئرمین نیب کے نیچے تو خود براڈ شیٹ کا کیس ہے ، ملک کا دس بارہ ارب روپے کھانے والوں پر تو کوئی کارروائی نہیں ہوئی ، اس حکومت نے اب تک پندرہ بیس کمیشن تو بنا لئے ہیں ، آج تک کوئی کمیشن فیصلہ نہیں کر سکا کہ جرم کس نے کیا ، سزا کیاملی ۔حکومت کی ذمہ داری ہے کہ جو طریقہ نواز شریف کے ساتھ اپنایا گیا وہی ان کے ساتھ اپنایاجائے ان کی ویڈیوز بھی بنے ، اخباروں میں تصاویر چھپیں ، جے آئی ٹیز بنیں اور عوام کو بتایا جائے کہ انہوں نے ملک کاپیسہ لوٹا ہے ۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ قانون کہتاہے کہ چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع نہیں ہو سکتی ، چیئرمین نیب کی رخصتی میں تین دن رہ گئے ہیں ، قانون کہتا ہے کہ چیئرمین نیب کے تقرر کیلئے حکومت اور اپوزیشن مشاورت کریں مگر اس ملک کا وزیر اعظم مشاورت سے انکار کر رہا ہے ۔ ملک کے وزراءکہتے ہیں کہ چیئرمین نیب کو آرڈیننس کے ذریعے توسیع دی جائے ، صدر مملکت قلم تھامے منتظر ہے کہ آرڈیننس آئے تو میں سائن کروں ، ایک شخص نے چار سال میں صرف ملک کو نقصان دیا ، اس کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

مزید :

اہم خبریں -سیاست -