ہماری لڑائی کسی ادارے سے نہیں بلکہ غریبوں اور ملک دشمنوں کے خلا ف ہے ، حمزہ شہباز 

ہماری لڑائی کسی ادارے سے نہیں بلکہ غریبوں اور ملک دشمنوں کے خلا ف ہے ، حمزہ ...
ہماری لڑائی کسی ادارے سے نہیں بلکہ غریبوں اور ملک دشمنوں کے خلا ف ہے ، حمزہ شہباز 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ ن کے رہنما اور قائد حزب اختلاف پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ ہماری لڑائی کسی ادارے کے خلاف نہیں بلکہ غریبوں اور ملک کے دشمنوں کے خلاف ہے ، ہماری لڑائی ملک کی تنزلی کے خلاف ہے ۔
دورہ جنوبی پنجاب پر موجود حمزہ شہباز نے ملتان میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان موٹر وے سے فاصلے سمٹ گئے ہیں ، شہباز شریف نے جنوبی پنجاب میں بہترین سڑکیں تعمیر کرائیں ، جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں کڈنی سینٹر ، کارڈیالوجی یونٹس بنائے گئے ، جب یہاں سیلاب آیا تو شہباز شریف نے یہیں ڈیرے لگا لئے اور لوگوں کی بحالی تک یہیں رکے ، سیلاب میں خراب ہونے والی فصلوں تک کی ادائیگیاں کی گئیں ،پکیاں سڑکاں تے سوکھے پینڈے ( پختہ سڑکیں اور آسان فاصلے ) پر سفر کیا تو اطمینان محسوس ہوا ، مگر آج جنوبی پنجاب کا کوئی پرسان حال نہیں ،کاش عمران خان انتقام کی بجائے کام پر توجہ رکھتے ۔
صدر مسلم لیگ ن پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ہمیں اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے عوام کو 22گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی ، یہ حکومت کی نا اہلی ہے کہ اب لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے ، ، شہباز شریف نے پہلے دن کالی پٹی باندھ کر 2018کے انتخابات پر تحفظات کے باوجود قومی اسمبلی میں میثاق معیشت پر بات کرنے کی دعوت دی ۔ ہمیں چور اور ڈاکو کہا گیا مگر آج ان کی حکومت کے چار سال گزرنے کے بعد ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ کہاں  گیا وہ دو سو ارب ڈالرز ، پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں ؟۔ ریاست مدینہ کے نعرے لگانے والے کو علم ہونا چاہئے کہ عوام با شعور ہیں ، بنی گالہ کا محل چند لاکھ میں ریگولر ائز کرا لیا جاتا ہے مگر غریب کا ٹھیلہ ناجائز تجاوزات کے نام پر مسمار کر دیا جاتا ہے ،کیا ریاست مدینہ یہ سبق سکھاتی ہے ؟۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ منی لانڈرنگ ، کرپشن اور دیگر الزامات کے تحت مجھے دو سال تک جیل میں رکھا گیا ، نواز شریف ، شہباز شریف، مریم جیل میں رہے ، برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے ہمارے اکاؤنٹ منجمد کر دیے ، یہاں سے بڑے بڑے ثبوتوں کے کاغذات وہاں بھجوائے گئے کہ انہوں نے منی لانڈرنگ کی ہے ، وزیر اعظم آفس کی خط و کتابت ہوتی رہی مگر 21ماہ کی تحقیقات کے بعد نیشنل کرائم ایجنسی نے کہا کہ ہمیں کسی جرم کے کوئی شواہد نہیں ملے ۔ نواز شریف ، شہبا زشریف، مریم اور حمزہ نے جیلوں سمیت ساری انتقامی کارروائیاں بھگت لی ہیں مگر عمران خان صاحب بتا دیں کہ کیا عوام خوش ہیں ، نئے پاکستان میں 37روپے کلو والا آٹا70 روپے ، چینی 52سے 110روپے اور بجلی کا یونٹ 7روپے سے 23روپے میں مل رہا ہے ، کھاد تین ہزار روپے سے سات ہزار روپے پر پہنچ گئی ، میں جب گلی گلی پھرتا ہوں تو لوگ کہتے ہیں کہ حمزہ شہباز جا کر عمران خان سے کہیں کہ ان کا چوتھا سال ہے عوام مہنگائی سے مر رہے ہیں ہمیں پرانا پاکستان لوٹا دو جہاں ہم پیٹ بھر کر کھانا تو کھا لیتے تھے ، جہاں کسان محنت مزدوری کے بعد جمع پونجی گھر لے جاتا تھا ، ادویات کی قیمت میں 17بار اضافہ کیا گیا جس کے بعد ادویات پانچ سو فیصد تک مہنگی ہوئیں ، کینسر کی ادویات مفت ملا کرتی تھیں ۔

جنوبی پنجاب سے متعلق حمزہ شہباز نے کہا کہ سو دن میں صوبہ جنوبی پنجاب بنانے کا دعویٰ کیا گیا مگر کچھ نہیں ہوا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ذریعے عوام کو جھانسہ دیا گیا ، اس میں بھی قانون اور تعمیر کے محکمے کا ذکر نہیں ، عمران نیازی کہتے ہیں ان کے دور کی سڑکیں ن لیگ سے سستی ہیں مگر وہ سڑکیں ہیں کہاں ؟ ایک اینٹ بھی لگائی ہے تو ہمیں نہ دکھاو¿ ، صحافیوں کو ہی دکھا دو ، ایک کروڑ نوکریوں کا خواب دکھانے والے نے پچاسی لاکھ افرادکو بیروزگار کر دیا ، پچاس لاکھ گھروں کا خواب دکھا کر سفید پوش طبقے کو گھر بیچنے پر مجبور کیا گیا، میں اپنی ذات سے ہٹ کر بات کر رہا ہوں ساری سیاسی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں اور حکومت حکومت کا کھیل ختم کریں ، شفاف انتخابات ہوں جو جماعت جیتے گی ہم اسے خوش آمدید کہیں گے ۔ساری سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہئے اور پاکستان کی سمت متعین کرنی چاہئے ۔
حمزہ نے مزید کہا اس قوم کے نصیب میں نہ تھا کہ کالا باغ ڈیم بنتا اور عوام چھ ہزار میگاواٹ سستی بجلی سے مستفید ہوتے ، دس لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوتی ، ہم نے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے اراضی خریدی مگر اس پر بھی کام آگے نہ چل سکا ، آج چین کو بھی تحفظات ہیں کہ اقتصادی راہداری ( سی پیک ) پر کام آگے کیوں نہیں چل رہا۔ مسلم لیگ ن نے کراچی کی رونقیں بحال کرائیں جس کیلئے پولیس ، رینجرز اور افواج پاکستان کے شہیدوں ، ان کی ماو¿ں اور غازیوں کو سلام پیش کرتاہوں ۔ آج ایک ایک پائی کیلئے آئی ایم ایف کی منت سماجت کرنی پڑتی ہے ، اس حکومت نے جو قرضے لئے اس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی ، ملک پر 29ہزار ارب روپے کے قرضے بڑھ چکے ہیں ،122ارب پچا س کروڑ ڈالر کی قوم مقروض ہو چکی ہے مگر کوئی منصوبہ نہیں لگا، غریبوں کو ریلیف نہیں مل سکا ، نئے پاکستان کا خواب چکنا چو رہو گیا ، شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کی نوکریوں کا کوٹہ رکھا تھا ، انہوں نے اس کوٹے کو بھی سرد خانے میں پھینک دیا ، پانامہ لیکس پر عمران نیازی نے گلہ پھاڑ پھاڑ کر کہا کہ وزیر اعظم کے استعفے کے بغیر انکوائری کیسے آگے بڑھے گی ، آج آپ کی کابینہ میں بیٹھے افراد کا نام پنڈورا پیپرز میں آیا ہے ۔ ریاست مدینہ میں کیسے ممکن ہے کہ دیگر افراد کیلئے قانون اور ہو اور آپ کے پیاروں کیلئے اور ہو ، پاکستان ایسے آگے نہیں بڑھے گا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عمران نیازی صاحب، جھوٹ سے عوام کے گھروں میں خوشحالی نہیں آئے گی ،پاکستان کے پاسپورٹ کی قدر نہیں بڑھے گی ، کبھی ایبسولوٹلی ناٹ کہا تو کبھی کہا کہ مجھے بائیڈن کی کال نہیں آئی ۔ قوم جانتی ہے کہ ملک یہ ایٹمی قوت ہے جس کی بنیاد بھٹو نے رکھی اور نواز شریف نے پایا تکمیل تک پہنچایا ۔