آریان خان کو گرفتار اور منشیات کیس کی تحقیقات کرنے والے افسر ” سمیر وان کھیڈے“ کی اہلیہ کونسی اداکارہ ہیں ؟ جانئے

آریان خان کو گرفتار اور منشیات کیس کی تحقیقات کرنے والے افسر ” سمیر وان ...
آریان خان کو گرفتار اور منشیات کیس کی تحقیقات کرنے والے افسر ” سمیر وان کھیڈے“ کی اہلیہ کونسی اداکارہ ہیں ؟ جانئے

  

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان سمندری جہاز میں پارٹی میں شریک تھے جہاں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے چھاپے کے دوران ان سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا اور گزشتہ روز عدالت نے انہیں سات اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ میں بیورو کے حوالے کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وا ن کھیڈے بالی ووڈ کے منشیات کے ساتھ مبینہ تعلق کے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور آریان کی گرفتار ی بھی اس کی ایک کڑی ہے ۔سمیر وان کھیڈے کو سشانت سنگھ راجپوت منشیات کیس کی تحقیقات سے بھی جانا جاتا ہے ۔تاہم سمیر اس وقت شاہ رخ خان کے بیٹے کو گرفتار کرنے کے بعد سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ اپنے شوہر کے کام پر بے حد فخر کرتی ہیں ۔ ان کی اہلیہ ” کرانتی ریڈکار“ مراٹھی کی معروف اداکارہ ہیں جوکہ عمومی طور پر خبروں میں رہتی ہیں لیکن اس بار اس کی وجہ منشیات کیس ہے جس کی تحقیقات ان کے شوہر کرر ہے ہیں ۔

ٹائمز آف انڈیا کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں اداکارہ کرانتی نے شوہر کی قوم کیلئے قربانیوں اور گھر میں ماحول کو پرامن رکھنے سے متعلق کھل کر بات چیت کی ، انہوں نے کہا کہ سمیر ہمیشہ سے ہی سخت محنتی رہے ہیں ،ان کے کیسز اور آپریشن پہلے بھی موجود ہیں ، لیکن آج بالی ووڈ سے متعلق مبینہ منشیات کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں جس کے باعث اسے شہہ سرخیوں میں لیا جارہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ سمیر جب کسی آپریشن یا تحقیقات پر کام کررہے ہوتے ہیں تو میں انہیں وقت دیتی ہوں ، میں نے ان سے کبھی نہیں پوچھا کہ کیا ہوایا کس طرح ہوا، میں ان کے پیشے کی رازداری کا احترام کرتی ہوں ، میں گھر پر تمام چیزوں کا خیال رکھتی ہوں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے کام پر بھر پور انداز میں توجہ دیتے ہیں ۔

کرانتی نے کہا کہ کبھی کبھار سمیر بہت زیادہ مصروف ہو جاتے ہیں اور سوتے بھی نہیں ہیں ، وہ چوبیس گھنٹے کام کرتے ہیں اور کبھی مشکل سے ہی دو گھنٹے کی نیند لیتے ہیں ، جب کبھی وہ کسی کیس کے معاملے پر فون پر بات چیت کر رہے ہیں تو میں کبھی ان کے کام میں مداخلت نہیں کرتی ہوں ، وہ روزانہ کی بنیادوں پر خفیہ آپریشن کرتے ہیں اور انہیں ان کی تفصیلات اپنے اہل خانہ کے ساتھ شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ہے ، میں انہیں ان کا وقت دیتی ہوں اور کبھی بھی شکایت نہیں کرتی، سمیر ایسے پیشے سے وابستہ ہیں جہاں وہ بت بن کر نہیں بیٹھ سکتے ، یہاں تک کہ وہ گھر آنے کے باوجود بھی اپنے دوسرے ساتھیوں کے ساتھ کیسز پر فون کے ذریعے بات چیت کرتے رہتے ہیں ۔اداکارہ کا کہناتھا کہ میں نے کبھی نہیں پوچھا کہ کیا ہوا اور کیسے ہوئے یا کس نے کیا ۔

مراٹھی اداکارہ کا کہناتھا کہ ہمارے جڑواں بچے گھر میں ان کی کمی کو بہت محسوس کرتے ہیں ، ان کی عمر تین برس ہے اور اپنے والد کو یاد کرنے ایک حقیقی سی چیز ہے ، لیکن سمیر جانتا ہے کہ میں گھر میں سب کی دیکھ بھال کیلئے موجود ہوں ، اسے کسی چیز کیلئے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ، مجھے فخر ہے کہ میرا شوہر قوم کیلئے اپنی ذاتی زندگی کی قربانی دے رہے ہیں ۔

مزید :

تفریح -