بھارت میں ایک بلے نے ایئر انڈیا اور کلکتہ ایئرپورٹ کے عملے کی دوڑیں لگوا دیں
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی شہر کلکتہ میں ایک بلے نے ایئر انڈیا اور کلکتہ ایئرپورٹ کے عملے کی دوڑیں لگوا دیں ۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس 14ماہ کے بلے کا نام ڈائس بتایا گیا ہے، جس کی مالک میوراکشی ساہا نامی خاتون ہے ۔ یہ بلا ایئرانڈیا کی ایک پرواز میں کلکتہ ایئرپورٹ پہنچا تھا ۔ بلا پلاسٹک کے ایک پنجرے میں تھا اور یہ پنجرا جہاز کے کارگو حصے میں رکھا گیا تھا ۔
کلکتہ ایئرپورٹ پر پہنچ کر عملے نے بلے کا پنجرا جہاز سے باہر نکالا جو کسی طرح ایک طرف سے ٹوٹ چکا تھا ۔ لہٰذا ایئرپورٹ پر بلا اس پنجرے سے نکل کر فرار ہو گیا ۔ بلے کی مالک میوراکشی ایک سوشل میڈیا کمپنی میں کام کرتی ہے ۔ اس نے جانوروں کے حقوق کی کارکن مانیکا گاندھی کے ساتھ رابطہ کیا اور ایئرپورٹ اور ایئرانڈیا کے عملے پر دباءو ڈالا، جس کے بعد عملے نے اس بلے کی تلاش شروع کر رکھی ہے مگر بلے کا کچھ اتاپتا نہیں ۔
سنوش پور کی رہائشی میوراکشی ساہاٹرمینل پر دھرنا دیئے بیٹھی ہے اوراس کا کہنا ہے کہ ’’ایئرانڈیا کے عملے نے انتہائی غفلت کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے میرا بلا گم ہوا ۔ بلے کو محفوظ طریقے سے مجھ تک پہنچانا ان کی ڈیوٹی تھی ۔ وہ بلا میرے اپنے بچے کی طرح تھا اور میں اسے لیے بغیر ٹرمینل سے نہیں جاءوں گی ۔ ‘‘