جماعت اسلامی ینگ ڈاکٹرز پر تشدد کے خلاف کھل کر میدان میں آ گئی ، حکومت کو واضح پیغام دے دیا

جماعت اسلامی ینگ ڈاکٹرز پر تشدد کے خلاف کھل کر میدان میں آ گئی ، حکومت کو ...
جماعت اسلامی ینگ ڈاکٹرز پر تشدد کے خلاف کھل کر میدان میں آ گئی ، حکومت کو واضح پیغام دے دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سیکرٹری اطلاعات جماعت پاکستان اسلامی قیصر شریف نےاسلام آباد پولیس کی جانب سےینگ ڈاکٹرز اور میڈیکل طلباءپرتشدد کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میڈیکل شعبہ سے وابستہ مظاہرین کے مطالبات کو پورا کرے اور ظالمانہ ہتھکنڈے اپنانے سے باز رہے۔
منصورہ سے جاری ایک بیان میں قیصر شریف نے گرفتار ڈاکٹرز کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا کہ حکومتی اقدامات غیر جمہوری اور غیر آئینی ہیں اور کسی بھی مہذب معاشرے میں پرامن مظاہرین کے خلاف اس طرح کے ہتھکنڈے نہیں اپنائے جاتے۔ انھوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹر پاکستان میڈیکل کمیشن کی نااہلی کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں،این ایل ای اور ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے ینگ ڈاکٹرز اور میڈیکل کے طلبہ و طالبات کے مطالبات جائز ہیں اور ان کو فی الفور پورا کیا جائے،جماعت اسلامی مظاہرین کے مطالبات کی پرزور حمایت کرتی ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہاہے کہ احتجاج میڈیکل سٹوڈنٹس کا حق ہےلیکن بلڈنگز کے اندر زبردستی داخل ہونا،عوام کا راستہ روکنا، مار پیٹ کرنا،ایسی چیزیں قانون کی خلاف ورزی ہیں، جب تک آپ قانون کے مطابق احتجاج کریں گے آپ کو قانون کے مطابق احترام اور سیکیورٹی ملے گی،جب قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ  پاکستان میڈیکل کمیشن(پی ایم سی) کے باہر نیشنل لائسنسنگ امتحانات کے خلاف لانگ مارچ اور دھرنے میں شرکت کے لیے مختلف کالجز سے تعلق رکھنے والے میڈیکل کےطلبہ اور ینگ ڈاکٹرز سراپا احتجاج تھے ،مظاہرین کے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور انہیں منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا،پولیس اہلکاروں کے لاٹھی چارج اور شیلنگ کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی جبکہ  بعد ازاں کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔احتجاجی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نیشنل لائسنسنگ امتحان کسی صورت قبول نہیں کریں گے، این ایل ای امتحان ہمارے لئے اضافی بوجھ ہے، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پی ایم سی کے بجائے یو ایچ ایس لے، پی ایم سی کے نائب صدر علی رضا کو عہدے سے ہٹایا جائے۔