چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ملک بھر کے تاجروں کو بڑی یقین دہانی کرا دی

چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ملک بھر کے تاجروں کو بڑی یقین دہانی کرا دی
چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے ملک بھر کے تاجروں کو بڑی یقین دہانی کرا دی

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی احتساب بیورو(نیب)کے چیئرمین جسٹس(ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملک میں 100 فیصد ترقی پر پختہ یقین اور ملکی ترقی میں تاجر برادری کے کردار کو قدر اوراحترام کی نظر سے دیکھتا ہے، نیب نے کاروباری برادری کی شکایات کے ازالے کے لیے نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کی نگرانی میں ایک خصوصی ڈیسک بھی قائم کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کراچی (ایف پی سی سی آئی) ، چیمبر آف کامرس لاہور ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس ،فلور ملز ایسوسی ایشن ،کاٹن جنرز ایسوسی ایشن اور گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفود کے ساتھ مختلف ملاقاتیں کرتے ہوئے کہا ہےکہ نیب نے قانون کے مطابق انکم ٹیکس،سیلز ٹیکس اور انڈر انوائسنگ کےمقدمات ایف بی آر کو بھجوائے ہیں،نیب بدعنوانی ، منی لانڈرنگ ، بڑے پیمانے پر عوام کیساتھ ہونے والے دھوکے کے واقعات ، ذرائع آمدن سے زائد اثاثوں ، غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیوں اور مضاربہ سکینڈلز کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نےکہاکہ نیب کا کسی فرد،پارٹی یا تنظیم سےکوئی تعلق نہیں،نیب افسران ملک سےبدعنوانی کےخاتمےکےلیےپوری توانائی کےساتھ کام کر رہے ہیں اور نیب اسے اپنا قومی فریضہ سمجھتا ہے،ملک بھر میں قائم غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز نے نہ تو پلاٹس متاثرین کے حوالے کیے اور نہ ہی ان کی محنت سے کمائی ہوئی رقم واپس کی،غریب سرمایہ کار اپنے پیسے واپس لینے کے لیے ادھر سے ادھر دھکے کھا رہے ہیں، نیب نے لاہور ، ملتان ، کوئٹہ ، کراچی ، پشاور ، راولپنڈی ، اسلام آباد اور ملک کے دیگر علاقوں میں قائم غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے اربوں روپے کی رقم ریکور کرکے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کو واپس کردی ہے ۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک بھر کی مختلف احتساب عدالتوں میں 1278 نیب ریفرنس زیر سماعت ہیں ،جن کی مالیت 1305 بلین بنتی ہے ، نیب کی موجودہ انتظامیہ نے بالواسطہ اور بلاواسطہ 539 ارب روپے ریکور کیےجو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے،اپنے قیام سے اب تک نیب نے819 ارب روپے کی رقم وصول کی ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان ، ورلڈ اکنامک فورم ، گلوبل پیس کینیڈا ، پلڈاٹ اور مشال پاکستان جیسی معروف قومی اور بین الاقوامی تنظیموں نے نیب کی کارکردگی کو سراہا جبکہ گیلانی اور گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد لوگوں نے نیب پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

تاجر برادری کے رہنماؤں نےذاتی دلچسپی لیکر ان کے مسائل کو بروقت حل کرنے کیلئے چیئرمین نیب کی کاوشوں کو سراہا۔

مزید :

قومی -بزنس -