عاقب جاویدنے شعیب ملک کی ٹیم میں موجودگی کی خواہش ظاہر کر دی

عاقب جاویدنے شعیب ملک کی ٹیم میں موجودگی کی خواہش ظاہر کر دی
عاقب جاویدنے شعیب ملک کی ٹیم میں موجودگی کی خواہش ظاہر کر دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے آل راؤنڈر شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے، لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ شعیب ملک سے اچھا فیلڈر اس وقت بھی پاکستان ٹیم میں نہیں ہے، اس کا مطلب ہے کہ ان کی فٹنس بہت اچھی ہے،   5 نمبر پر زیادہ سپنرز کا سامنا ہوتا ہے اور شعیب سپنرز کو کھیلنا جانتے ہیں ،2 تین اوورز بھی کر سکتے ہیں ، وہ ایک ویلیو ایبل پلیئر ہیں۔

نجی ٹی وی "جیو نیوز "کے مطابق لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اچانک چیزیں ٹھیک نہیں ہو تیں، انہیں کرنا پڑتا ہے لیکن ہم نے اس طرف توجہ نہیں دی اور مسائل کو حل نہیں کیا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور اس کی پلاننگ ایکسپوز ہوگئی ہے۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف بابراعظم کو نمبر 4 پر کچھ میچز کھیلنے چاہیے تھےکیونکہ اس نمبر پر ہمیں مشکل کا سامنا ہے، کپتان وہ ہوتا ہے جو لیڈ فرام دی فرنٹ کرے ، جہاں مشکل ہو وہاں کپتان کو خود بیٹنگ کرنی چاہیے ، جہاں پلیئر آپ کو نہیں مل رہا وہاں دنیا کے بہترین بیٹر کو خود جانا چاہیے  لیکن ایسا نہیں ہوا، رضوان ،فخر اور شان کے بعد بابر آئیں اور ضد چھوڑ دیں تو پھر پانچویں نمبر پر شعیب ملک کو رکھیں۔

سابق فاسٹ بولر نے  شاہین شاہ سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ فاسٹ بولر انجری کے ساتھ نہیں کھیل سکتا، امید کرتے ہیں شاہین آفریدی مکمل فٹ ہوکر ہی ٹیم میں واپس آئیں ،100فیصد سے کم فٹنس پر رسک نہیں لینا چاہیے ، گھٹنے کی انجری والا 100 فیصد فٹ ہو تو تبھی کھیل سکتا ہے۔

مزید :

کھیل -