بمراہ کی جگہ کون ٹی 20ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا؟ بھارتی کوچ اور کپتان نے اشارہ دے دیا

بمراہ کی جگہ کون ٹی 20ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا؟ بھارتی کوچ اور کپتان نے اشارہ دے ...
بمراہ کی جگہ کون ٹی 20ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا؟ بھارتی کوچ اور کپتان نے اشارہ دے دیا

  

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی جگہ لینے والے بولر کے بارے میں گفتگو  کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جسپریت بمراہ کے ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد متبادل کھلاڑیوں میں محمد شامی کا پہلا نمبر ہے لیکن ہمارے پاس اعلان کرنے کیلئے 15 اکتوبر تک کا وقت موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ  نیوز ویب سائٹ "کرک انفو "کے مطابق  بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما کا کہنا تھاکہ جسپریت بمراہ کمر کی تکلیف کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہو چکے ہیں اور بھارت کے پاس ان کے متبادل کھلاڑی کا اعلان کرنے کے لیے 15 اکتوبر تک کا وقت ہے۔

راہول ڈریوڈ اور روہت شرما نے فاسٹ بولر محمد شامی کو بمراہ کے متبادل کے طور پر پہلے نمبر پر رکھا ہے۔ گذشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہول ڈریوڈ کا کہنا تھا کہ بلا شبہ محمد شامی ہمارے سٹینڈ بائی میں شامل ہیں لیکن ہمارے پاس سوچ بچار کے لیے 15 اکتوبر تک کا وقت  ہے، وہ ابھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کر رہے ہیں اور ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ مجھے ابھی نہیں پتہ کہ کسے ٹیم میں شامل کیا جائے گا لیکن ہمیں آسٹریلیا میں تجربہ کار فاسٹ بولر کی ضرورت ہے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان کا اشارہ بھی واضح طور پر محمد شامی کی طرف جاتا ہے کیونکہ وہ آسٹریلیا میں متعدد سیریز کھیل چکے ہیں، شامی آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیلنے کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں،محمد شامی نےآخری مرتبہ گذشتہ برس متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی، وہ کورونا کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے اور ابھی حال ہی میں جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے تاہم ان کا نام ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہے۔

مزید :

T20 World Cup -T20 World Cup News Updates -