علی امین گنڈا پور کی ممکنہ گرفتاری کے لیے رینجرز اور پولیس کے پی ہاﺅس میں داخل

Oct 05, 2024 | 04:00 PM



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ممکنہ گرفتاری کے لیے رینجرز اور پولیس کے دستے کے پی ہاﺅس اسلام آباد میں داخل ہو گئے ۔ جیو نیوز کے مطابق قیدی وین بھی کے پی ہاﺅس میں میں پہنچا دی گئی ہے۔
اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ۔اے آر وائے نیوز کے مطابق  کے پی ہائوس میں باہر سے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی ہے جبکہ کئی کارکنان کو بھی گرفتار کرلیاگیا، علی امین گنڈا پور کے پی ہائوس میں ہی موجود ہیں۔بیرسٹر سیف کاکہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت پر ہیں، ان کی  گرفتاری سراسر قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔

ادھر علی امین گنڈا پور کے وکیل کا کہنا ہےکہ وہ ضمانت پر مبنی عدالتی احکامات کے ساتھ کے پی ہائوس پہنچ رہے ہیں جہاں متعلقہ حکام کو عدالتی فیصلہ دکھایا جائے گا۔ 

اس سے قبل  جیو نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن زیدی نے تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمے کی سماعت کی اور اس دوران غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کے کیس میں علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ علی امین گنڈا پور متعدد بار عدالتی طلبی کے باوجود عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت میں پیش کیا جائے اور کیس کی سماعت کو 12اکتوبر تک ملتوی کردیا۔

مزیدخبریں