غزہ جنگ کے خاتمے پر حماس کے اقدامات کا خیرمقدم، پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کا مشترکہ اعلامیہ جاری

غزہ جنگ کے خاتمے پر حماس کے اقدامات کا خیرمقدم، پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کا ...
غزہ جنگ کے خاتمے پر حماس کے اقدامات کا خیرمقدم، پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کا مشترکہ اعلامیہ جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکی، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ میں جنگ کے خاتمے، تمام یرغمالیوں  کی رہائی، اور عمل درآمد کے طریقۂ کار پر مذاکرات کے فوری آغاز سے متعلق تجویز کے جواب میں حماس کے کیے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق آٹھوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے صدر ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل پر بمباری فوری طور پر روکنے اور تبادلہ معاہدے پر عمل درآمد شروع کرنے کی اپیل کا بھی خیرمقدم کیا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے ان کی وابستگی کی تعریف کی۔ وزرائے خارجہ نے اس پیشرفت کو ایک جامع اور پائیدار جنگ بندی کے حصول اور غزہ کے عوام کو درپیش سنگین انسانی حالات کے ازالے کے لیے ایک حقیقی موقع قرار دیا۔

وزرائے خارجہ نے حماس کی جانب سے غزہ کی انتظامیہ کو آزاد ماہرین پر مشتمل ایک عبوری فلسطینی انتظامی کمیٹی کے سپرد کرنے کی آمادگی کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ اس تجویز پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر متفق ہونے اور اس کے تمام پہلوؤں پر غور کے لیے فوری مذاکرات شروع کیے جائیں۔

وزرائے خارجہ نے اس تجویز کے نفاذ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، غزہ پر جنگ کے فوری خاتمے، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی، فلسطینی عوام کی بے دخلی نہ ہونے، شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے، یرغمالیوں کی رہائی، فلسطینی اتھارٹی کی غزہ میں واپسی، غزہ اور مغربی کنارے کے اتحاد، تمام فریقوں کی سلامتی کی ضمانت دینے والے سیکیورٹی نظام کے قیام، مکمل اسرائیلی انخلا، غزہ کی تعمیر نو، اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ امن کے راستے کی تشکیل پر اتفاق کیا۔

مزید :

قومی -