پیپلز پارٹی موجودہ سیاسی بحران جلد سے جلد حل کرنے کیلئے کوشاں ہے‘قاضی احمد

پیپلز پارٹی موجودہ سیاسی بحران جلد سے جلد حل کرنے کیلئے کوشاں ہے‘قاضی احمد

لاہور(نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی موجودہ سیاسی بحران جلد سے جلد حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس سلسلہ میں فریقین بھی لچک کا مظاہرہ کریں کیونکہ اگر ایک بھی فریق ہٹ دھرمی کرے گا تو مذاکرات نتیجہ خیز نہیں ہو سکتے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کی بقاء اور تسلسل کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پہلے ہی ملک کو روشنیوں کی بجائے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سید خورشید شاہ کے متعلق غیر پارلیمانی زبان کے استعمال کو نا پسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سید خورشید شاہ پیپلز پارٹی کے ایک اہم لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ سنجیدہ سیاست کی ہے انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم سیاسی بحران کی وجہ سے پچھلے دو ہفتوں سے غیر یقینی کی صورتحال میں لٹکی ہوئی ہے اور ہر دن کے ساتھ انکی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لئے اس غیر یقینی صورتحال سے جلد از جلد نکلنا بہت ضروری ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1