عوام نے احتجاجی سیاست کو مسترد کرکے اپنی رائے دے دی،ضیاء اللہ شاہ

عوام نے احتجاجی سیاست کو مسترد کرکے اپنی رائے دے دی،ضیاء اللہ شاہ


لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی ضیاء اللہ شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہرالقادری نے احتجاجی سیاست کو آزما کر دیکھ کر لیا ہے اور عوام نے احتجاجی سیاست کو مسترد کرکے اپنی رائے دے دی ہے۔ہر محب وطن پاکستانی نے پارلیمنٹ، وزیراعظم ہاؤس اور پی ٹی وی کی عمارت پر یلغار کی سخت مذمت کی ہے۔ ملک کے جمہوری اداروں کو نقصان پہنچانے کے درپے سیاسی عناصر جان لیں کہ اگر ملک عدم استحکام کا شکار ہوا تو ذمہ دار بھی عمران خان اور طاہرالقادری ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاستدان کا اوڑھنا بچھونا سیاست اور عوام کی طاقت ہونا چاہیئے جس کا اظہار عوام ووٹ کے ذریعے کرتے ہیں۔ بہت اچھا ہوتا اگر عمران خان ملک میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو انہیں اس کا آغاز مئی 2013ء میں خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت سنبھالنے کے فوراً بعد کر دینا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوتے بلکہ پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ سیاسی مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی حامی رہی ہے۔ لانگ مارچ سے لے کر دھرنے تک حکومت نے ہر مرحلے پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1