ملک میں جمہوری نظام موثر اور سیاسی شعور فروغ پا رہا ہے ‘ منظور وسان

ملک میں جمہوری نظام موثر اور سیاسی شعور فروغ پا رہا ہے ‘ منظور وسان

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ کے وزیر انسداد بدعنوانی ‘ جیل خانہ جات اور معدنیات و معدنی ترقی منظور حسین وسان نے جمعرات کو اپنے دفتر سندھ سیکریٹریٹ میں ملاقات کے لئے آنے والے افراد ‘ پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور اپنے حلقے کے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام مستحکم اور سیاسی شعور فروغ پارہا ہے ۔ پارلیمنٹ مضبوط ہورہی ہے اس ماحول میں سیاسی جماعتوں اور سیاسی کارکنوں کو عام آدمی کے مسائل کے حل کے لئے کوششیں اور منصوبہ بندی کرکے ان کے مسائل کو حل کرنا چاہئے عوام کی خدمت ہی سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کا بنیادی منشور ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سچے دل اور نیک نیتی سے عوام کی خدمت کرنے والی جماعتوں اور کارکنوں کو عوام کے دلوں میں رکھتے ہیں اور عوام جس سے محبت کرتے ہیں اسے عزت بھی دیتے ہیں اور اعلیٰ مقام تک بھی پہنچاتے ہیں۔صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی صاحبزادی شہید بے نظیر بھٹو نے پاکستان کے غریب عوام سے لازوال محبت کی اور ان کے مسائل کے حل اور ملک میں جمہوریت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے تک پیش کردیئے ۔ پاکستان کے عوام نے بھی ہمارے شہید قائدین کی محبت اور خدمات کو کبھی نہیں بھلایا بلکہ جب بھی شفاف انتخابات کا انعقاد ہوا عوام نے پی پی پی کو جیت سے ہمکنار کیا ۔وبائی وزیر منظور حسین وسان نے کہا کہ آج پاکستان کی سیاسی و جمہوری قوتیں مضبوط ہورہی ہیں اب تمام جمہوری قوتوں اور سیاسی کارکنوں کو عام آدمی کے مسائل کے حل کے لئے توانائیاں صرف کرنی چاہئیں تاکہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی ‘ امن اور چین لایا جاسکے ۔

 

مزید : صفحہ آخر