ڈینگی لارواسے بچنے کیلئے بارشی پانی جمع نہ ہونے دیا جائے،یاورزمان
لاہور (خبرنگار) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئر مین پیڈا میاں یاورزمان نے کہا کہ آبپاشی کے دفاتر میں کسی جگہ بارشی پانی جمع نہ ہونے دیا جائے تاکہ ڈینگی لاروا پیدا نہ ہو سکے - یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ آبپاشی کے افسران کے ساتھ گفتگو کے دوران کہی۔صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام فیلڈ عملہ و افسران اپنے کینال ڈویژنز میں حاضر رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں- انہوں نے کہا کہ بروقت اقدامات سے ہی معاشرے کو ڈینگی جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے - انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے تمام افسران و فیلڈ عملے کو حکومت پنجاب کی فراہم کردہ چیک لسٹیں مہیا کی جا چکی ہیں تاکہ ان کی روشنی میں اپنے گردو نواح کو صاف رکھا جاسکے - انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف بروقت اقدامات نہ ہونے یا کسی جگہ سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے کی صورت میں متعلقہ ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی -
یاورزمان