طوفانی بارشوں سے لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کا ٹرانسمیشن سسٹم درہم برہم ہزاروں فیڈر ٹرپ کر گئے

طوفانی بارشوں سے لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کا ٹرانسمیشن سسٹم درہم برہم ہزاروں ...

لاہور(کامرس رپورٹر)ملک کے بیشتر علاقوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں سے لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کا ٹرانسمیشن سسٹم درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔ بارشوں کے باعث مختلف اوقات میں ڈسکوز کے ہزاروں فیڈرز ٹرپ کر گئے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لیسکو کے 170فیڈرز مختلف اوقات میں ٹرپ ہوئے ۔ تیز ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر درخت اور سائن بورڈ ٹوٹ کر بجلی کی تاروں پر گر گئے ۔ کئی مقامات پر شارٹ سرکٹ کے باعث تاروں کو آگ لگ گئی درجنوں ٹرانسفارمرز جل گئے ۔لیسکوسمیت دیگر ڈسکوز کو ٹرانسفارمرز کی شدید قلت کا سامنا ہو گیا ۔ مسلسل بارش کے باعث لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے اہلکاروں کو مرمت کے کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا پیش آ رہا ہے کی مقامات پر بیس بیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی بحالی نہیں ہو سکی ۔ طفیل پارک جلو پنڈ کا ٹرانسفارمر 24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی ٹھیک نہیں ہو سکا جبکہ عثمان نگر غازی آباد کے رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ ان کا ٹرانسفارمر گزشتہ تین روز سے خراب ہے۔دوسری جانب بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور ڈیمانڈ میں کمی کے باعث گھریلو صارفین کے لئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ مکمل بند کردی گئی ۔ ڈھائی ہزار میگاواٹ تک کے شارٹ فال کو انڈسٹری کی لوڈ شیڈنگ کرکے پورا کیا جانے لگا ۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 15650 میگا واٹ جبکہ پیداوار 12940 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 2710 میگا واٹ کا فرق رہا ۔

سسٹم درہم برہم

مزید : صفحہ آخر