حکومتی وزراء نے ابھی سے ہی اپنے رنگ دکھانا شروع کر دیئے ہیں ، اعتزاز احسن

حکومتی وزراء نے ابھی سے ہی اپنے رنگ دکھانا شروع کر دیئے ہیں ، اعتزاز احسن
حکومتی وزراء نے ابھی سے ہی اپنے رنگ دکھانا شروع کر دیئے ہیں ، اعتزاز احسن

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک  ) چوہدری نثار کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ جس خدشے کا میں نے چند روز قبل اظہار کیا تھا وہ ابھی سے ہی سچ ہوتا دکھائی دے رہا ہے . حکومتی وزراء جو 15 دن تک چھپ چھپ کر پھرتے رہے ، ان کی جان پارلیمنٹ نے بچائی اور ابھی سے ہی ان کے تیور بدل گئے ہیں . انہوں نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ اپنی صفوں پر نظر دوڑائیں اور اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کریں . ان کا کہنا تھا کہ 2000ء میں ایل پی جی کا کوٹہ ختم کر دیا گیا تھا لہذا یہ الزام بالکل بے بنیاد ہے کہ میں نے کسی سے کوٹہ لیا . ان کا کہنا تھا کہ مجھے لینڈ مافیا کہنے والے خود پٹواریوں کی سیاست کرتے ہیں . انہوں نے حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ابھی چاہوں تو اٹھ کر چلا جاؤں ، اچکزئی کے علاوہ تمام اپوزیشن ساتھ چلے گی ، لیکن میں جمہوریت کی خاطر ایسا نہیں کروں گا .

ان کا مزید کہنا تھا کہ  سابق صدر مشرف نے مجھے اپنے دور حکومت میں وزارت عظمیٰ کی پیش کش کی تھی ۔ قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کی تاریخ میں زمانہ طالبعلمی میں سیاست میں قدم رکھا اور مجھے سیاست میں کم عمر ترین سیاسی قیدی ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کئی اہم مقدموں سے پیچھے ہٹنے کے عوض کروڑوں روپے کی پیش کش کی گئی لیکن میں نے قومی مفاد میں یہ پیشکش ٹھکرا دی ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کا کارکن ہوں اور میں عہدوں یا دولت کےلئے پارٹی اور ملک سے غداری نہیں کرسکتا ۔

مزید : قومی /اہم خبریں