یونین کونسلوں کے سیکرٹری بلدیاتی انتخابات کی ڈیوٹی کیلئے طلب

یونین کونسلوں کے سیکرٹری بلدیاتی انتخابات کی ڈیوٹی کیلئے طلب

 لاہور (جاوید اقبال) صوبائی دارالحکومت کی150 یونین کونسلوں کے80فیصد سیکرٹریز بلدیاتی انتخابات کی ڈیوٹی پر طلب کر لئے گئے ہیں جس سے یونین کونسل کے دفاتر ویران ہو گئے ہیں اور اکثر یونین کونسلوں کے دفاتر کو تالے لگا دیئے گئے ہیں، جس سے یونین کونسلوں سے متعلقہ شہریوں کے مسائل بڑھ گئے ہیں پیدائش اور اموات کے سرٹیفکیٹ کی تیاری کا کام بھی رک گیا ہے جن سیکرٹریز کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے لئے طلب نہیں کیا گیا ان کو قبرستانوں کی صفائی، پولیو کے قطرے پلانے یا پھر ڈینگی مہم میں لگا دیا گیاہے جس سے یونین کونسلوں کے دفاتر میں کام ٹھپ ہو گیا ہے اور سائل عملے اور سیکرٹریز یونین کونسلوں کی تلاش میں مارے مارے ’’پھر‘‘ رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور کی150یونین کونسلوں کے80فیصد سیکرٹریز اور دیگر عملے کی خدمات ریٹرننگ افسروں کو سونپ دی گئیں، جو یونین کونسلوں کے دفاتر میں اپنے فرائض سرانجام دینے کی بجائے بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں آر اوز کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہے ہیں جس کے ساتھ ساتھ یونین کونسلوں کے کونسل افسروں، ایڈمنسٹریٹرز کی اکثریت کی ڈیوٹیاں بھی الیکشن کے عمل کے ساتھ لگا دی گئی ہیں، جس کے باعث یونین کونسلیں عملے کے بغیر چل رہی ہیں، عملہ الیکشن ڈیوٹی اور ریکارڈ کی تیاری کے لئے ریٹرننگ افسروں کے پاس چلے جانے کے باعث متعدد یونین کونسلوں کے دفاتر کو تالے لگ گئے ہیں یا پھر دفاتر چپڑاسی اور نائب قاصد چلانے لگے ہیں، روزانہ ہر یونین کونسل میں درجنوں کے حساب سے اندراج پیدائش، پیدائش کے سرٹیفکیٹ، اموات کے سرٹیفکیٹ کے کیسز آتے ہیں اسی طرح دیگر معاملات میں جمع ہوتے ہیں مگر سیکرٹریز الیکشن ڈیوٹی پر چلے جانے کے باعث یہ سرٹیفکیٹ بنانے کا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے جس کے لئے شہری مارے مارے پھر رہے ہیں اور ہر قسم کی سرگرمیاں رُک گئی ہیں۔ اس حوالے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خالد مسعود چودھری سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ یونین کونسلوں کے عملے کو الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کی تیاری، ریکارڈ مرتب کرنے سمیت دیگر کاموں کے لئے مانگ لیا ہے۔ یہ لوگ آر اوز کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاہم کوشش کی گئی ہے کہ یونین کونسلوں کا کام متاثر نہ ہویہ کام کرنا ہے وہ بھی سرکاری ڈیوٹی ہے جو کسی نے کرنی تو ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1