چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تشد د کاشکار گھر سے بھاگے ہوئے بچے کو تحویل میں لے لیا

چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تشد د کاشکار گھر سے بھاگے ہوئے بچے کو تحویل میں لے ...

لاہور( لیڈی رپورٹر) چیئرپرسن چا ئلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو صبا صادق کی خصوصی ہدایت پرچائلڈپروٹیکشن بیورو نے تشدد کا شکار گھر سے بھاگے 12سالہ بچے کو تحویل میں لے لیا۔ شعیب نامی12سالہ بچہ ملتان کا رہائشی ہے اور وہ چند دن پہلے کچھ لڑکوں کے ساتھ مل کر گھر سے بھاگ کر لاہور آگیا جہاں آکر ان لڑکوں نے شعیب کو چوری، نشہ اور جیب کاٹنے پر مجبور کیا۔ شعیب کے انکار کرنے پر ان لڑکوں نے شعیب پر تشدد کیاشعیب کے مطابق وہ آوارہ لڑکوں کا گروہ تھا جو بچوں کو ورغلا کر گھر سے بھگاتے اور بعد میں ان کو جیبیں کاٹنے، نشہ کرنے اور چوری کرنے پر لگا دیتے۔ اس نے بتایا کہ تشدد کے بعد وہ بے ہوش ہوگیااور بعد میں کسی نے پولیس کے حوالے کر دیا

جہاں سے اس بچے کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تحویل میں لے لیا۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ اس بچے کا میڈیکل چیک اپ کرایا گیا ہے جس کے مطابق اس بچے کے سر، منہ اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے واضح نشانات ہیں۔ اس بچے کے والدین کو تلاش کرنے کیلئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کوہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔جب تک اس بچے کے والدین نہیں ملتے یہ بچہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم رہے گا اور اس کا مکمل علاج معالجہ کرایا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4