ُُٰپیپلز پارٹی کو جو نقصان زرداری نے پہنچایا وہ کوئی آمر بھی نہیں پہنچا سکا ،عمران خان

ُُٰپیپلز پارٹی کو جو نقصان زرداری نے پہنچایا وہ کوئی آمر بھی نہیں پہنچا سکا ...

ڈہر کی (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہاہے کہ کراچی کو سندھ سے الگ نہیں کیا جا سکتا، پیپلز پارٹی کا مستقبل انتہائی تاریک دیکھ رہاہوں ،پیپلز پارٹی کو جو نقصان آصف زرداری نے پہنچایا وہ کوئی آمر بھی نہیں پہنچا سکا،الیکشن سسٹم کو درست کرنے کیلئے دھرنے میں پھنسے رہے لیکن اب انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، سندھ میں سیاستدانوں اور بیورو کریٹس نے کرپشن کیس میں قبل از گرفتاری ضمانتیں کروا رکھی ہیں،الطاف حسین اور آصف زرداری نے سندھ کی عوام کو مہاجر اور سندھی کے نام پر تقسیم کیا ہوا ہے، نواز شریف اور آصف زرداری کبھی ایک دوسرے کا احتساب نہیں کریں گے، دونوں کے اربوں روپے باہر پڑے ہوئے ہیں،اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی تک حالات نہیں بدل سکتے۔ وہ جمعہ کو ڈہرکی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری اور قائد الطاف حسین نے سندھ میں عوام کو سندھی اور مہاجر کے نام پر تقسیم کیا ہے ،سندھ میں جانوروں اور ہاریوں کا ایک جیسا حال ہے کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے کہا کہ جتنی غربت اندورن سندھ میں ہے وہ پورے پاکستان میں نہیں ہے،سندھ کی عوام کو تبدیلی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے اس لئے مجھے افسوس ہے کہ میں سندھ میں پہلے کیوں نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے سیاستدان اور بیوروکریٹس کرپشن میں ملوث ہیں، دو ایڈیشنل آئی جیز اور مختلف سیکرٹریز نے اپنی ضمانت قبل از گرفتاریاں کروا رکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں سندھ پر 900ارب روپے خرچ کیے گئے لیکن وہ روپیہ کہیں نظر نہیں آرہاہے ،سندھ میں پیسہ ٹھیک نہیں لگایا گیا کرپشن کی گئی ہے اوراس کرپشن کا نقصان سندھ کی عوام بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں نفرتیں پھیلا کر ووٹ لئے گئے ہیں ،سندھ کی عوام پر قانون نہ ہونے کے باعث ظلم کیا جارہاہے،آصف زرداری اور الطاف حسین کے درمیان نورا کشتی چل رہی ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ الیکشن سسٹم کو درست کرنے کیلئے ہم دھرنے کے چکر میں پھنسے رہے ،ذوالفقار علی بھٹو نے جس طرح عوام کو جگایا پی ٹی آئی وہی کام کر رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ لندن میں بیٹھے لوگوں کی اربو ں روپے کی جائیدادیں ہیں ،کر اچی کو سندھ سے الگ نہیں کرسکتے، پہلی دفعہ کرپٹ لوگوں کا احتساب ہو رہا ہے، زرداری نے اپنے دور حکومت میں نواز شریف پر ہاتھ نہیں ڈالا لیکن نواز شریف اپنی باری میں وعدے سے مکر گئے کیوں کہ وہ ہمیشہ پنگے لیتے ہیں، زرداری اسی لئے شور مچا رہے ہیں کیونکہ نواز شریف نے معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔

مزید : صفحہ اول