سپریم کورٹ نے منشیات کے سمگلر کی درخواست ضمانت خارج کر دی

سپریم کورٹ نے منشیات کے سمگلر کی درخواست ضمانت خارج کر دی

لاہور(نامہ نگار خصوصی )سپریم کورٹ نے منشیات کی سمگلنگ کے مقدمہ میں ملوث ملزم عطاء اللہ کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مسٹرجسٹس اعجاز احمد چودھری اور مسٹر جسٹس عمر عطا ء بندیال پرمشتمل دو رکنی بنچ نے ملزم عطاء اللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میانوالی پولیس نے اس کے خلاف 1200 کلو گرام منشیات کی سمگلنگ کا جھوٹا مقدمہ درج کیا ہے، کسی ثبوت اور گواہ کے بغیرہی ملزم کو جیل میں رکھا گیا ہے ،ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی جائے، ایڈیشنل پراسکیوٹر جنرل نے ملزم کا پولیس ریکارڈ پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف میانوالی کے مختلف تھانوں میں منشیات فروشی کے مقدمات درج ہیں، زیر سماعت مقدمے میں پولیس نے ملزم عطاء اللہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے منشیات برآمد کی ہے ، ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے، دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد فاضل بنچ نے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی کہ ڈیرھ ماہ میں ملزم کے خلاف مقدمہ کی سماعت مکمل کی جائے ۔

مزید : صفحہ آخر