ایم کیو ایم کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہیں وہ اپنی صفوں میں موجود دہشت گردوں کو باہر نکالے،سعد رفیق

ایم کیو ایم کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہیں وہ اپنی صفوں میں موجود دہشت گردوں کو ...
ایم کیو ایم کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہیں وہ اپنی صفوں میں موجود دہشت گردوں کو باہر نکالے،سعد رفیق

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں اسے اپنی صفوں میں موجود دہشت گردوں کو نکال باہر کرنا چاہئے۔پیپلز پارٹی سے لڑائی نہیں چاہتے،اس کے بیانات کا جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے استعفوں کی پالیسی ایم کیو ایم کے لئے اپنائی گئی ہے۔الیکشن ٹربیونل کے ججوں کی مدت ملازمت ختم ہونا الیکشن کمیشن کا مسئلہ ہے حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں بیرونی رکاوٹوں کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہمیں سرحد پر بھارت جیسے دشمن کا سامنا ہے.ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے پولیس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل لاہور میں ریلوے پولیس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کو انشاءاللہ نئے سفر پر گامزن کر لیں گے،ریلوے کی زمینوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا۔ریلوے کے اثاثوں کی حفاظت کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہیں،ریلوے کے قیمتی اثاثوں پر جنہوں نے قبضہ کر رکھا ہے اسے چھڑانا ہو گا ۔ ریلوے پولیس کی تربیت کا معیار ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہوا ہے۔موجودہ دور حکومت میں ریلوے پولیس نے قابل تقلید مثالیں قائم کی ہیں۔جلد ریلوے ملازمین تنخواہوں میں اضافہ کی خوشخبری سنیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ کام کی بنیاد رکھیں انہیں اس کی تکمیل کا موقع ملنا چاہئے،ایک دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کی جانی چاہئے،ریلوے کی ترقی کے لئے جو ٹارگٹ رکھے گئے تھے وہ حاصل کئے ہیں۔دوسرے ملکوں کی ترقی دیکھ کر رشک آتا ہے۔

مزید : قومی /اہم خبریں