کشمیر کی تحریک آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت کچل نہیں سکتی

کشمیر کی تحریک آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت کچل نہیں سکتی

جوہانسبرگ(بیورورپورٹ)پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے رہنما حیات خان نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت کچل نہیں سکتی۔بھارت ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکا۔ برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے۔ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے اسپتالوں کو ٹارچر سیل میں بدل دیا ہے۔ انسانیت سوز مظالم کے باوجود اقوام متحدہ اور عالمی برادری مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ آج کشمیر کا ہر نوجوان سڑکوں پر آ چکاہے جب مظالم کی انتہا ہوتی ہے تو یہی رد عمل ہوتا ہے۔لوگ جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔حیات خان نے کہا کہ کشمیری صرف اپنی آزادی ہی نہیں پاکستان کے بھی دفاع اورہمارے پانیوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دنیا کے سامنے منفی انداز میں پیش کر رہا ہے۔ اپنے ظلم، قتل اور دہشت گردی کو چھپانے کیلئے پاکستان کیخلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیاجا رہا ہے۔ بھارت سرکار پہلے سرکاری سرپرستی میں قتل و غارت گری کرواتی ہے اور پھرکشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کیلئے وہاں کے دورے کئے جاتے ہیں۔ مودی سرکار کو ایسی مذموم حرکتوں پر شرم آنی چاہیے اور نہتے کشمیریوں کے ظلم و قتل کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کیخلاف ایسے ہتھیار وں کا استعما ل کیا جارہا ہے جس سے انکی آنکھیں ضائع ہو رہی اور مختلف امراض پھیل رہی ہیں۔

مزید : عالمی منظر