ای ڈی او صحت کانگو سے محفوظ رہنے کی آگاہی دیں،علی جان

ای ڈی او صحت کانگو سے محفوظ رہنے کی آگاہی دیں،علی جان

لاہور(جنرل رپورٹر)سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان نے ہدایت کی ہے کہ تمام ای ڈی اوز ہیلتھ عید الاضحی کے پیش نظر کانگو وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے عوام میں آگاہی پیدا کریں اور کانگو کے مریض کا علاج کرتے ہوئے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور سٹاف حفاظتی کٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی کنٹرول کے لئے عید کی چھٹیوں میں ڈینگی سرویلنس کے لئے کنٹی جینسی پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے حساس اضلاع میں مائیکرو پلاننگ کے مطابق سرویلنس کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔انہوں نے یہ بات اتوارکے روز ڈی جی ہیلتھ پنجاب کے کمیٹی روم میں تمام اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ کی ماہانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید،محکمہ صحت کے سینئر افسران ،چیف منسٹر ہیلتھ روڈمیپ ٹیم،انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرزکے نمائندوں،ڈائریکٹر ہیلتھ ای پی آئی اوردیگرہیلتھ پروگراموں کے ڈائریکٹر ز نے اجلاس میں شرکت کی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان نے کہا کہ عوام کوعلاج معالجہ کی معیاری سہولیات گراس روٹ لیول پر مہیاکرنے کے لئے پرائمری وسکینڈری ہیلتھ کے شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ڈسٹرکٹ وتحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے جس پررواں سال میں 5ارب20 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ترقیاتی منصوبوں کوبروقت پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ منیجر ز کو زیادہ محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1