سندھ بھر میں صنعتی زونز بنانے کا منصوبہ ہے :صوبائی صنعت

سندھ بھر میں صنعتی زونز بنانے کا منصوبہ ہے :صوبائی صنعت

کراچی (اے پی پی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا صنعتی حب ہے اور منی پاکستان ہے، امن وامان کی صورتحال بہتر ہے، پولیس اور رینجرز نے مل کر شہر کی روشنیاں بحال کیں، سندھ بھر میں صنعتی زونز بنانے کا منصوبہ ہے، سندھ میں صنعتی زونز کے لئے بیرون ملک کے دورہ بھی کررہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائیٹ ایسوسی ایشن کے دورے کے دوران صنعتکاروں کی تقریب اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ ہمیں بھی وقت کی پابندی کرنی ہو گی۔ صوبائی وزیر منظور وسان نے کہا کہ امن سے کراچی کو ملک کا منفرد شہر بنا سکتے ہیں۔ پانی، گیس اور دیگر بنیادی وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائیٹ کو صاف ستھرا بنانے کے لئے ایک کروڑ کا گرانٹ جاری کیا ہے، صنعتکار انڈسٹریز کے باہر کم از کم 20 درخت ضرور لگائیں، صفائی ستھرائی بہتر بنانے کے لئے کچرا انڈسٹریز کے باہر جمع نہیں کیا جائے۔ منظور حسین وسان نے کہا کے یقین دلاتا ہوں کہ صنعتکاروں کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ مکمل ہونے سے کراچی میں پانی کی قلت ختم ہو جائے گی۔ منظور حسین وسان نے کہا کہ صوبے اور ملک کی بہتری کے لئے سب سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ منظور حسین وسان نے کہا کہ کراچی کے میئر وسیم اختر جب تک جیل میں ہیں تب تک کراچی کے قائم مقام میئر ارشد وہرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کا کام جلد مکمل ہو جائے اور اس کو کھولا جائے تاکہ صنعتکاروں اور لوگوں کو مشکلات پیش نہ آئیں۔ اس موقع پر صدر کراچی چیمبر یونس بشیر نے کہا کہ سائیٹ کو پانی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صدر سائیٹ ایسوسی ایشن جنید ماکڈا نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کو فوری طور پر مکمل کیا جائے، کراچی کی صنعتوں کو حائل پانی، گیس اور بجلی کے مسائل حل کئے جائیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے سائیٹ ایریاز غنی چورنگی کے پاس صفائی مہم کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر تقریب میں سیکریٹری عبدالرحیم سومرو، ایم ڈی سائیٹ اور صنعتکار موجود تھے۔

مزید : کامرس